ٹی آر ایس پارٹی میں ڈسپلن شکنی ناقابل برداشت

پارٹی قائدین کے علم کے بغیر پروگراموں کے انعقاد پر سخت کارروائی
حیدرآباد 22 جولائی (پریس نوٹ) ٹی آر ایس حکومت میں ڈسپلن شکنی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی کیوں کہ صدر پارٹی و چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے پارٹی قائدین و کارکنان کو سختی کے ساتھ ہدایت جاری کی تھی کہ پارٹی میں ڈپٹی چیف منسٹرس، ریاستی وزراء ، اراکین قانون ساز کونسل و چیرمین کے اہم عہدوں کو بالائے طاق نہیں رکھا جاسکتا۔ اسی طرح ریاست بھر کے اسمبلی واری حلقہ کے انچارجس پر زور دیا گیا کہ وہ تمام ڈیویژن پر کارکردگی برقرار رکھیں چنانچہ اس بات کی بھی صدر ٹی آر ایس چندرشیکھر راؤ نے ہدایت دی کہ ڈیویژن صدور اپنے انچارجس کی ہدایت پر عمل کریں۔ ان کے برعکس اگر کوئی قائد یا کارکن انچارجس کے علم میں لائے بناء ٹی آر ایس پارٹی کے کاموں میں مصروف ہوگا تو پھر اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار چارمینار ٹی آر ایس حلقہ کنوینر محمد الیاس قریشی نے گھانسی بازار ٹی آر ایس آفس میں کیا۔ انھوں نے کہاکہ چیرمین سیٹ ون و انچارج چارمینار اسمبلی میر عنایت علی باقری کی ہدایت پر نام نہاد ٹی آر ایس کے نام پر چارمینار اسمبلی حلقہ میں ٹی آر ایس کے پروگراموں کے انعقاد عمل میں لائے جانے اور ٹی آر ایس پارٹی کا نام تبدیل کئے جانے پر چند ٹی آر ایس سے وابستہ قائدین بشمول سید لائق علی (اعظم پورہ) ، رضا علی امجد (نور خاں بازار)، محمد امتیاز (مغلپورہ) ، امام تحسین (حسینی علم)، علی اصغر رشید (حسینی علم) ، محمد رشید (شاہ علی بنڈہ)، میر راشد علی (پرانی حویلی) اور محمد شکیل (شاہ علی بنڈہ) کو ٹی آر ایس پارٹی سے معطل کردیا گیا۔ انھوں نے کہاکہ یہ نام نہاد قائدین پارٹی کے نام پر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث رہتے ہوئے پارٹی کو منصوبہ بند طریقے کے ذریعہ بدنام کرنے کوشاں تھے۔ چنانچہ انچارج چارمینار میر عنایت علی باقری نے نام نہاد قائدین و کارکنان کو پارٹی سے معطل کرنے کے لئے صدر پارٹی و دیگر ہائی کمان سے خواہش کرتے ہوئے سفارشی مکتوب بھی روانہ کیا ہے تاکہ مزید کارروائی اعلیٰ کمان کرسکے۔ الیاس قریشی نے موجودہ تمام ڈیویژن صدور، نائب صدور، معتمدین و نائب معتمدین سے خواہش کی کہ وہ پارٹی کی ہدایت کو ملحوظ رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں اور اسمبلی حلقہ واری انچارجس کی ہدایت پر عمل پیرا ہوجائیں۔ اس موقع پر گوپی ناتھ، باقر علی مرزا، ملک ارجن، ویرامنی، رضیہ سلطانہ، منجولا، انیل کمار، اویس، محمد عامر، اسماعیل خان، بشریٰ، مہندر سنگھ، محمد قریشی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔