ٹی این جی اوز لیڈر سرینواس گوڑ کے خلاف سید ابراہیم کے حامیوں کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس میں اسمبلی حلقہ محبوب نگر میں ٹکٹ کے مسئلہ پر تنازعہ شروع ہوگیا ہے ۔ ٹی آر ایس کے قائد سید ابراہیم کے حامیوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹی این جی اوز کے قائد سرینواس گوڑ کو ٹکٹ دینے پر خودکشی کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ ٹی آر ایس نے اسمبلی حلقہ محبوب نگر سے 2009 کے عام انتخابات میں مسلم قائد مسٹر سید ابراہیم کو اپنا امیدوار بنایا تھا ۔ مگر وہ آزاد امیدوار سے معمولی ووٹوں سے ہار گئے تھے ۔ ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس نے انہیں دوبارہ امیدوار بنایا تھا ۔ مگر سید ابراہیم کو بی جے پی امیدوار سے شکست ہوگئی ۔ جب کہ سارے علاقہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے امیدواروں نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ تلنگانہ کی تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے ٹی این جی اوز قائد مسٹر سرینواس گوڑ اس وقت بھی ٹی آر ایس کے ٹکٹ کے دعویدار تھے ۔ ٹکٹ نہ ملنے پر بی جے پی امیدوار کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کرنے کا ٹی این جی اوز قائد پر الزام تھا ۔ مسٹر سرینواس گوڑ نے
آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ پیش کرچکے ہیں اور پیر کو اعلی عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے استعفی کو قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں گے اور 2014 کے عام انتخابات میں اسمبلی حلقہ محبوب نگر سے ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کریں گے ۔ یہ خبر عام ہوتے ہی محبوب نگر اسمبلی حلقہ ٹی آر ایس کے انچارج مسٹر سید ابراہیم کے حامی برہم ہوگئے ۔ ٹی آرا یس پولیٹ بیورو کے رکن سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر جتندر ریڈی کی قیام گاہ کے سامنے احتجاج کیا ۔ سید ابراہیم کو ٹکٹ نہ دینے پر خود کشی کرلینے کی دھمکی دی ۔ جب اس مسئلہ پر سید ابراہیم سے بات چیت کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے سرکاری طور پر ایسا کوئی اعلان نہیں کیا ہے ۔ مگر سرینواس گوڑ کی جانب سے ٹکٹ ملنے کی طمانیت ملنے کا دعوی کرنے کے بعد ان کے حامی برہم ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ مسلم امیدوار سے نا انصافی کرسکتے ہیں ۔ سرینواس گوڑ کے دعویٰ سے مقامی اداروں کے انتخابات میں بھی منفی پیغام پہونچنے کا امکان ہے ۔