ٹی آر ایس سے ہی تلنگانہ عوام کے مسائل کی یکسوئی

تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی تشکیل حکومت یقینی ، ڈاکٹر کے کیشو راؤ کا بیان

حیدرآباد۔/24اپریل، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے قومی سکریٹری جنرل ڈاکٹر کیشوراؤ نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے مسائل کی یکسوئی صرف ٹی آر ایس سے ہی ممکن ہے اور مجوزہ انتخابات میں تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کی تشکیل یقینی ہے۔ ڈاکٹر کیشوراؤ آج تلگودیشم پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ تلگودیشم سے تعلق رکھنے والے موتی نگر علاقہ کے کارپوریٹر سید بابو نے آج دیگر تلگودیشم قائدین کے ساتھ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ٹی آر ایس امیدوار پدما راؤ کی قیادت میں ان قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ تلگودیشم قائدین نے عہد کیا کہ وہ مجوزہ انتخابات میں سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ سے پدما راؤ کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیشوراؤ نے کانگریس کے تلنگانہ قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ تحریک میں حصہ نہ لینے والے کانگریس قائدین تلنگانہ کی تشکیل کے بعد اپنی دعویداری پیش کررہے ہیں۔ کیشو راؤ نے کہا کہ اگر تلنگانہ قائدین تحریک میں حصہ لیتے تو انہیں کانگریس چھوڑنے کی ضرورت پیش نہ آتی، کانگریس میں رہتے ہوئے انہوں نے قائدین کو تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے کی ترغیب دی تاہم ان کے انکار پر پارٹی چھوڑ کر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔کیشو راؤ نے تلگودیشم، بی جے پی اور کانگریس کی جانب سے چندر شیکھر راؤ کو نشانہ بنائے جانے پر سخت احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی مقبولیت سے بوکھلاکر یہ جماعتیں کے سی آر کو نشانہ بنارہی ہیں۔ ان پارٹیوں کا ایک ہی نشانہ ہے تاکہ ٹی آر ایس کو اقتدار میں آنے سے روکا جاسکے۔ کیشو راؤ نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے ٹی آر ایس کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور کوئی بھی طاقت عوامی فیصلہ کو تبدیل نہیں کرسکتی۔ انہوںنے کہا کہ ماہرین کے ذریعہ پارٹی نے جو انتخابی منشور تیار کیا اس میں صرف وہی وعدے شامل کئے گئے جن پر عمل آوری ممکن ہے۔ تشکیل حکومت کے بعد پارٹی انتخابی منشور پر من و عن عمل کرے گی۔