چیف منسٹر پر کوئی مثبت اقدامات نہ کرنے ریونت ریڈی کا الزام
حیدرآباد 9 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت کی نااہلی کے باعث ہی تلنگانہ ریاست میں تلنگانہ عوام کیلئے برقی مسائل و مشکلات درپیش ہورہے ہیں اور ان مشکلات کو دور کرنے کیلئے کوئی مثبت اقدامات نہ کرنے کا مسٹر اے ریونت ریڈی رکن اسمبلی تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے حکومت پر الزام عائد کیا اور کہاکہ ریاست میں عوام کو درپیش برقی مسئلہ سے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو کا ہرگز کوئی تعلق نہیں ہے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں برقی سربراہی کے دیرینہ حل طلب مسئلہ کیلئے گزشتہ کی سابق کانگریس حکومت ہی مکمل طور پر ذمہ دار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ قانون تقسیم ریاست کے مطابق ہی ریاست تلنگانہ کو جو برقی حاصل ہونا ہے اتنی ہی برقی تلنگانہ کو حاصل ہورہی ہے۔ مسٹر ریونت ریڈی نے حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیاکہ وہ اب تک بھی ایک ایک یونٹ برقی نہیں خریدی ہے بلکہ صرف زبانی اعلانات کررہی ہے۔