حیدرآباد 9 سپٹمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیاکہ وہ تلنگانہ عوام کی توقعات کو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہوچکی ہے اور کہاکہ حلقہ لوک سبھا میدک کے منعقد ہونے والے مجوزہ ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر قائد تلگودیشم پارٹی مسٹر اروند کمار گوڑ نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ٹی آر ایس کو تلنگانہ عوام نے اقتدار حوالہ کئے 100 دن مکمل ہونے کے باوجود تلنگانہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی مؤثر و مثبت اقدامات نہیں کرسکی۔ اُنھوں نے واضح طور پر کہاکہ ضلع میدک کے مقامات سنگاریڈی، سدی پیٹ اور بالخصوص میدک میں سڑکوں، مدارس کے علاوہ پنچایت عمارتوں کی تعمیر صرف اور صرف سابقہ متحدہ آندھراپردیش میں تلگودیشم حکومت میں عمل میں لائی گئی اور اس حقیقت سے ضلع میدک کے عوام ہرگز انکار نہیں کریں گے۔ اس کے علاوہ مسٹر نائیڈو کی زیرقیادت سابقہ تلگودیشم حکومت میں ہی علاقہ تلنگانہ کی ممکنہ طور پر ترقی دی گئی۔