ٹی آر ایس حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کوپورا کرے گی

حکومت کی تمام تر توجہ عوام کی فلاح و بہبود پر مرکوز، کے کویتا ایم پی کا بیان

نظام آباد 8 فروری (آئی این این) لوک سبھا کی ایم پی کے کویتا نے اس بات کا اعادہ کیاکہ ٹی آر ایس حکومت انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔ آج یہاں نظام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کویتا نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت آئندہ پانچ سال میں بنگارو تلنگانہ کے قیام کے اس کے مقصد کو حاصل کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ان کی پارٹی کی حکومت وعدوں کو مرحلہ وار انداز میں پورا کرنے کے سلسلہ میں تمام تر کاوشیں کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے اس کی تمام تر توانائی اور وسائل کو استعمال کرنے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ریاستی حکومت نے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا اور انھیں پوری توجہ اور شفافیت کے ساتھ ر وبہ عمل لایا جارہا ہے۔ نظام آباد کی ایم پی نے یہ بھی بتایا کہ حکومت بودھن شوگر فیکٹری کی بحالی کے لئے اقدامات کررہی ہے اور اس سلسلہ میں جلد ہی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ اُنھوں نے ضلع نظام آباد میں غیرقانونی اسٹرکچرس تعمیر کرنے والوں کو انتباہ دیا کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ کہتے ہوئے کہ ان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جو تلنگانہ کے عوام کے لئے ہر چیز کی قربانی دے سکتا ہے۔ کویتا نے کہاکہ بے بنیاد الزامات عائد کرنے والوں کو عام لوگوں کے غیض و غضب کا سامنا کرنا ہوگا۔