نوجوانوں اور پسماندہ طبقات کا عرصہ حیات تنگ ، سی پی آئی جدوجہد کرے گی : سدھاکر ریڈی
حیدرآباد۔2جون(سیاست نیوز)علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل ریاست کی چار کروڑ عوام کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ تلنگانہ کے عوام کے اتحاد کے سبب ہی ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو یقینی بنایا جاسکا۔ مگر آج تلنگانہ ریاست میںبرسراقتدار حکمران جماعت تلنگانہ کے عوام بالخصوص نوجوان اور پسماندگی کاشکار طبقات کا عرصہ حیات تنگ کرنے کاکام کررہی ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے یہ بات کہی۔ آج یہاں شالیمار فنکشن ہال‘ رام کوٹ پر سی پی ائی تلنگانہ زون کے زیر اہتمام منعقدہ جشن تلنگانہ کے موقع پر ایس سدھاکر ریڈی کے علاوہ ‘ سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی‘ سی پی آئی قومی عاملہ اراکین وسینئر قائدین سید عزیز پاشاہ‘ ڈاکٹر کے نارائنہ کے بشمول وی ایس بوس‘ ڈاکٹر سدھاکر‘ ای ٹی نرسمہااور دیگر نے بھی جشن تلنگانہ تقریب سے خطاب کیا۔ مسٹر سدھاکر ریڈی نے حکومت تلنگانہ کو عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میںناکام قراردیتے ہوئے کہاکہ انتخابات سے قبل اور مابعد تلنگانہ کی برسراقتدار سیاسی جماعت ٹی آر ایس نے عوام سے بے شمار وعدے کئے مگر ایک سال کی تکمیل کے باوجود ان وعدوں پرعمل آواری ندارد ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح علیحدہ ریاست تلنگانہ تحریک میںکمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے اپنا رول ادا کیا ہے اسی طرح تلنگانہ کے عوام کیساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کے خلاف بھی سی پی ائی حکومت تلنگانہ کے خلاف محاذ آرائی کریگی۔ مسٹر سدھاکر ریڈی نے قومی سطح پر بڑھتی فرقہ پرستی کے خلاف بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مرکز میںنریندر مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد قومی سطح پر شدت پسندوں کی اجارہ داری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گائوں کشی کو بنیاد بناکر کسی ایک مذہب کو نشانہ بنانے کی سازش طالبان کے طرز حکمرانی کی یاد دلاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں پر مذہبی آزادی ہر ہندوستانی شہری کا جمہوری حق ہے اور اس میںکسی بھی قسم کی مداخلت دستور ہند کی خلاف ورزی ہوگی۔