ٹی آر ایس ایم پیز کی سمترا مہاجن سے ملاقات

تحفظات مسئلہ پر احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ ،بی جے پی کی بالواسطہ مدد
حیدرآباد۔ 21 مارچ (سیاست نیوز) اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن سے ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے ملاقات کی اور واضح کردیا کہ ایوان میں ان کی پارٹی کا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تحفظات کے مسئلہ پر مرکزی حکومت واضح تیقن نہیں دے گی۔ پارلیمانی پارٹی لیڈر جتیندر ریڈی کی قیادت میں ارکان پارلیمنٹ وشویشور ریڈی، بی سمن، ملا ریڈی، نگیش کمار اور دوسروں نے اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ اسپیکر نے ایوان میں جاری تعطل ختم کرنے کے لیے ٹی آر ایس ارکان سے تعاون کی خواہش کی۔ ٹی آر ایس ارکان نے کہا کہ تحفظات کے اختیارات ریاستوں کو دیئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس احتجاج کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر مرکز کے تیقن تک پارٹی ایوان میں احتجاج جاری رکھے گی۔ واضح رہے کہ بجٹ سیشن کے دوسرے مرحلہ میں پہلے دن سے ہی ٹی آر ایس ارکان ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ اب جبکہ تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی نوٹس دے چکے ہیںلیکن ٹی آر ایس ارکان کی ہنگامہ آرائی کے سبب تحریک عدم اعتماد پیش نہیں ہوپارہی ہے۔ اسپیکر لوک سبھا کا کہنا ہے کہ ایوان میں نظم کی بحالی تک تحریک پر غور نہیں کیا جاسکتا۔ ٹی آر ایس ارکان اگرچہ تحفظات کے مسئلہ پر احتجاج کررہے ہیں، لیکن ان کے احتجاج سے بالواسطہ طور پر بی جے پی کو مدد مل رہی ہے۔ ٹی آر ایس اور انا ڈی ایم کے ارکان کے احتجاج کا بہانہ بناکر ایوان کی کا رروائی روزانہ ملتوی کی جارہی ہے۔ ٹی آر ایس پارلیمانی لیڈر جتیندر ریڈی نے کہا کہ پارٹی نے تحفظات مسئلہ پر اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔