سیکولرازم کو مستحکم کرنے کیلئے کانگریس پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنانے عظمت اللہ کی اپیل
حیدرآباد 31 جنوری (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری آل انڈیا یوتھ کانگریس کمیٹی مسٹر سید عظمت اللہ حسینی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے سیکولرازم کو مستحکم کریں۔ ٹی آر ایس، مجلس اور تلگودیشم و بی جے پی میں راست و بالواسطہ اتحاد ہے۔ ان چاروں جماعتوں کو دیا جانے والا ووٹ فرقہ پرستی کو پروان چڑھانے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ مسٹر سید عظمت اللہ حسینی نے کہاکہ سارے ہندوستان کی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات پر نظریں جمی ہوئی ہیں۔ ملک کی دیگر ریاستوں میں فرقہ پرست جماعتیں دم توڑ رہی ہیں۔ اُن ریاستوں میں حالیہ منعقد ہوئے مقامی اداروں کے انتخابات میں کانگریس نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے بی جے پی کو شکست دی جس کے بعد فرقہ پرست بی جے پی نے جی ایچ ایم سی انتخابات کے لئے تلگودیشم کا سہارا لیا تو مجلس نے ٹی آر ایس پر انحصار کیا ہے۔ اگر چاروں اتحادی جماعتوں پر بھروسہ کیا جاتا ہے تو ملک اور قوم کا بہت بڑا نقصان ہوگا کیوں کہ انھیں پڑنے والا ووٹ نہ صرف ضائع ہوگا بلکہ فرقہ پرستی کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے، 10 سال تک مرکز اور ریاست پر کانگریس نے حکومت کرتے ہوئے ترقی اور فلاح و بہبود کے کئی عملی اقدامات کئے ہیں۔ صرف حیدرآباد کی ترقی پر ایک لاکھ کروڑ روپئے کے ترقیاتی و تعمیراتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ کانگریس کے دور حکومت میں ہی مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات ملے ہیں جس سے لاکھوں مسلمانوں کو فائدہ پہنچا۔ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں کو 4 ماہ میں 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے مگر 20 ماہ گزر جانے کے بعد مسلمانوں سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں ہوا ہے۔ اپنے آپ کو مسلمانوں کی چمپئن قرار دینے والی مجلس نے حکومت سے تال میل رکھنے کے باوجود 12 فیصد مسلم تحفظات کے بارے میں حکومت سے استفسار کرنا بھی گوارہ نہیں کیا ہے۔ بی جے پی کی فرقہ پرستی عیاں ہیں۔ مخالف مسلم بی جے پی کا ایجنڈہ دیا ہے۔ ایسی فرقہ پرست جماعت سے تلگودیشم نے اتحاد کرتے ہوئے اپنے آپ کو اقلیتوں سے دور کرلیا ہے۔ لہذا کانگریس ہی واحد جماعت ہے جس کو عوام سے ووٹ مانگنے کا حق ہے۔ دوسری کسی بھی جماعت کو ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے۔
اُن چاروں جماعتوں کو دیا جانے والا ووٹ ضائع ہوجائے گا۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں وہ جذباتی اور مشتعل کرنے والے نعروں، جھوٹے وعدے اور کبھی پورا نہ ہونے والے اعلانات پر ہرگز بھروسہ نہ کریں۔ کانگریس کو کامیاب بناتے ہوئے ترقی کے راستے کو ہموار کریں۔ پرانا شہر ہو یا نیا شہر یا ضلع رنگاریڈی کانگریس پارٹی نے بہترین کارکردگی کا ریکارڈ رکھنے والے عوامی قائد کو اپنا نمائندہ بنایا ہے۔ کامیابی حاصل کرنے والے تمام کانگریس کے امیدوار عوام کو دستیاب رہیں گے۔ بدعنوانیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کریں گے۔ تبدیلی کانگریس سے ممکن ہے۔ اپنی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لئے کانگریس کو کامیاب بنایئے۔