ٹی آر ایس 2019 میں تمام نشستوں سے کامیابی حاصل کریگی

اپوزیشن کے پاس عوام سے ووٹ مانگنے کوئی چہرہ نہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کا ادعا
حیدرآباد 28 اگسٹ ( این ایس ایس ) ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے آج کہا کہ برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی آئندہ انتخابات میں تمام نشستوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنا اقتدار برقرار رکھے گی کیونکہ اپوزیشن کے پاس عوام سے ووٹ مانگنے کوئی چہرہ ہی نہیں ہے ۔ سری ہری نے سنگاریڈی ضلع ہیڈ کوارٹرس پر آج مویشیوں کیلئے مارکٹ یارڈ کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کی جانب سے ترقیاتی پروگراموں اور آبپاشی پراجیکٹس میں مسلسل رکاوٹ پیدا کی جا رہی ہے ۔ کسان اور عوام اس تکلیف دہ صورتحال سے واقف ہیں اور وہ کاموں میں رکاوٹ بننے والی اپوزیشن پر یقین نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو فصل مدد اسکیم کے تحت 4000 روپئے کی امداد سے بڑی راحت ملے گی ۔ کسانوں کو ایک ایکڑ اراضی پر ہر سال جملہ 8000 روپئے کی مدد حاصل ہوگی ۔ اس سے کسانوں کو قرض سے راحت حاصل ہوگی ۔ یہ مدد کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں آئندہ سال مئی سے جمع کروائی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے کسانوں کو چاہئے کہ وہ جامع اراضی سروے کیلئے حکومت سے تعاون کریں اور مستقبل میں اس کے فوائد سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں میں شعور بیدار کرتے ہوئے کراپ کالونیوں کو فروغ دیا جائیگا اور انہیں مختلف فصلوں کیلئے تیار کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت آبپاشی پراجیکٹس کو مکمل کرتے ہوئے آئندہ پانچ سال میں ایک کروڑ ایکڑ اراضیات کو سیراب کرنا چاہتی ہے ۔ مشن بھاگریتا سے دیہی علاقوں کو محفوظ پانی حاصل ہوگا ۔ اس کے نتیجہ میں 24 گھنٹے برقی حاصل ہوگی ۔ کراپ سرمایہ کاری سے کسانوں کو فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اپوزیشن کے پاس عوام سے آئندہ عام انتخابات میں ووٹ مانگنے کا کوئی موقع ہی نہیں رہے گا ۔