ٹی آر ایس 20برس تک برسراقتدار رہے گی

حیدرآباد 4 مئی ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کویتا نے کہا کہ اگر پارٹی کے عوامی نمائندے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کے مشوروں پر عمل کریں تو پارٹی آئندہ 20برسوں تک تلنگانہ میں برسر اقتدار رہے گی۔ ناگر جنا ساگر میں پارٹی کے سہ روزہ ٹریننگ کیمپ کے اختتام کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کریت ہوئے چیف منسٹر نے ٹریننگ کیمپ میں حکومت اور پارٹی کے مستقبل کے بارے میں عوامی نمائندوں کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ چیف منسٹر نے بہتر حکمرانی اور عوامی خدمت کے سلسلہ میں جو رہنمائی کی ہے اس پر عمل آوری کے ذریعہ تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ کیمپ میں تلنگانہ سے متعلق تمام امور پر تفصیل سے غور کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی سے ٹریننگ کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا اور اس میں شریک عوامی نمائندوں نے نظم و نسق اور حکومت کی کارکردگی کے بارے میں ماہرین سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ کویتا نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کے بارے میں چیف منسٹر چندرا شیکھر راو کے پاس مکمل ویژن موجود ہیں اور سنہرے تلنگانہ کی تشکیل حکومت کا اہم مقصد ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف ماہرین کے ذریعہ عوامی نمائندوں کو ترقی اور عوامی خدمت کے انداز سے واقف کرایا ہے ۔ اس طرح کے ٹریننگ کیمپس آئندہ بھی جاری رہیں گے اور انہیں یقین ہے کہ حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے تمام عوامی نمائندے عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کی دوراندیشی اور مؤثر پالیسیوں کے نتیجہ میں ریاستی عوام خوشحال ہیں اور انہیں ٹی آر ایس دورحکومت میںترقی امید ہے ۔