ٹی آر ایس ‘ نریندر مودی کابینہ میں شمولیت کیلئے تیار

وزیراعظم کی کسی پیشکش کی صورت میں سنجیدگی سے غور کا اشارہ‘کویتا کا بیان
حیدرآباد۔18مئی ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کی دختر و رکن پارلیمنٹ مز کویتا نے سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعظم نریندر مودی پیشکش کرتے ہیں تو ٹی آر ایس مرکزی کابینہ میں شامل ہونے کے معاملے میں سنجیدگی سے غور کرے گی ۔ مسز کویتا نے ٹی آر ایس قائدین کے ساتھ نظام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعظم نریندر مودی ٹی آر ایس کو مرکزی کابینہ میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں تو ٹی آر ایس اس پر سنجیدگی سے غور کرے گی ۔ انتخابی مہم کے دوران بی جے پی اور نریندر مودی کو ٹی آر ایس نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ضلع کھمم کے 7منڈلوں کو آندھراپردیش میں ضم کرنے کا پارلیمنٹ میں بل پیش کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے بطور احتجاج تلنگانہ بند منایا تھا ۔ چندرا بابو نائیڈو اور وینکیا نائیڈو پر ایک دوسرے سے سازباز کرتے ہوئے تلنگانہ کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا تھا ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی میں قربت بڑھنے کے بعد ٹی آر ایس نے مرکزی حکومت سے اپنا رویہ نرم کرلیا ۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے گھر میں منعقدہ شادی میں خاص طور پر چیف منسٹر اور ان کی دختر مسز کویتا نے شرکت کی ۔ تلنگانہ میں گذشتہ چار ماہ سے چہ میگوئیاں چل رہی ہے کہ ٹی آر ایس مرکزی کابینہ میں شامل ہوگئی ۔کے سی آر کی دختر کویتا کے ساتھ ڈاکٹر کے کیشو راؤ ‘ جتیندر ریڈی مرکزی کابینہ میں شامل ہوں گے ۔مرکز سے خوشگوارتعلقات برقرار رکھنے کیلئے ہی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بڑے پیمانے پرسوچھ حیدرآباد اور سوچھ تلنگانہ کی تحریک شروع کی ہے ۔ سوچھ بھارت پروگرام کو جتنا تلنگانہ میں اہمیت دی جارہی ہے اتنی اہمیت اس پروگرام کو بی جے پی زیر قیادت ریاستوں میں بھی نہیں دی جارہی ہے ۔ افواہیں گرم ہیں کہگریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے بعد ٹی آر ایس مرکزی کابینہ میں شامل ہوجائے گی ۔