20 ممالک سے مندوبین کی آمد، وزراء مہیندر ریڈی اور کرشنا راؤ نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزراء مہیندر ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ نے 27 اپریل کو کومپلی میں ٹی آر ایس پلینری انتظامات کا جائزہ لیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزراء نے کہا کہ پارٹی کے 17 ویں یوم تاسیس کے موقع پر 27 اپریل کو منعقد ہونے والے پلینری سیشن میں کارکنوں کو انتخابات کی تیاری کے سلسلہ میں رہنمائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے آئندہ سیاسی فیصلوں کا رخ طئے کیا جائے گا۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں جاری ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کے علاوہ سیاسی امور پر قراردادیں منظور کی جائیں گی ۔ سابق میں منعقدہ پلینری سیشن کے مقابلہ اس مرتبہ بڑے پیمانہ پر اہتمام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 20 مختلف ممالک سے مندوبین شرکت کر رہے ہیں جبکہ 31 اضلاع سے 15000 مندوبین کی شرکت متوقع ہے ۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں انجام دیئے گئے ترقیاتی کاموں اور فلاحی اقدامات کی تفصیلات سے مندوبین کو واقف کرایا جائے گا۔ مواضعات اور منڈل کی سطح سے پارٹی قائدین پلینری میں شرکت کریں گے اور واپسی کے بعد اپنے علاقوں میں عوام کو حکومت کی اسکیمات سے واقف کرائیں گے۔ وزراء نے کہا کہ مشن کاکتیہ ، مشن بھگیرتا ، بھیڑ بکریوں کی تقسیم ، کسانوں کے قرض کی معافی اور 24 گھنٹے زرعی شعبہ کو برقی سربراہی کے علاوہ کسانوں کو فی ایکر 4000 روپئے کی امداد جیسی اسکیمات دیگر ریاستوں کیلئے مثالی بن چکی ہے۔ کئی ریاستوں نے ان اسکیمات کی تفصیلات حاصل کی ہیں۔ جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ گزشتہ 50 برسوں میں تلنگانہ کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا تھا اور کے سی آر نے 4 برسوں میں ریاست کو ملک میں سرفہرست بنادیا ہے۔ کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کرشنا راؤ نے کہا کہ کانگریس عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے۔ ہر ضلع میں کانگریس کا ایک قائد چیف منسٹر کے عہدہ کا دعویدار ہے۔ انتخابات سے قبل ہی کئی قائدین خود کو چیف منسٹر کے امیدوار کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ پرگی کے رکن اسمبلی رام موہن ریڈی خود بھی چیف منسٹر کے عہدہ کے دعویدار ہیں۔ کانگریس پارٹی کی بس یاترا دراصل شناخت کی برقراری کیلئے ہے۔ بس یاترا کو عوامی تائید حاصل نہیں ہوئی جس کے باعث کانگریس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس شاندار مظاہرہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دراصل اقتدار کا خواب دیکھ رہی ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔ رکن قانون ساز کونسل کنگا دھر گوڑ نے کہا کہ پلینری سیشن میں ترقیاتی مسائل پر مباحث ہوں گے۔ 9 مختلف موضوعات پر قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے 30 مختلف اسکیمات پر عمل کر رہی ہے اور ترقیاتی اقدامات اور فلاح و بہبود میں تلنگانہ کو ملک میں پہلی ریاست کا درجہ حاصل ہوا ہے۔