حیدرآباد ۔29 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے پلنیری اجلاس اور مہاگرجنا کے کامیاب انعقاد پر پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمودعلی نے کہاکہ ریاستی سطح پر پارٹی قائدین اور کارکنوں نے ٹی آر ایس پلنیری اور مہاگرجناکی کامیابی کے لئے جو انتھک محنت کی ہے پارٹی کی جانب سے شکریہ اد ا کیاجاتا ہے۔ آج یہاں ٹی آر ایس بھون میں ٹی آر ایس مہاگرجنا کی کامیابی کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کے تمام دس اضلاع سے ٹی آر ایس مہاگرجنامیں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت نے شہر حیدرآباد کا منظر ہی بدل کر رکھ دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس پارٹی کی بڑھتی مقبولیت سے خوفزدہ سیاسی قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر نت نئے بیانات کے ذریعہ اپنے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ جناب محمد محمود علی نے مزیدکہاکہ کے سی آر کو تلنگانہ کا مہاتما کے لقب سے پکارنے پر چراغ پا سیاسی قائدین اپنی سیاسی جماعت کے ساٹھ سالہ دور اقتدار کا محاسبہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ کے سی آر نے چودہ سالہ تلنگانہ تحریک کے دوران تلنگانہ کے ہر نوجوان کی قیمتی زندگی کو تحفظ فراہم کرنے کاکام کیا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تلنگانہ کی جان ومال کی حفاظت کے ساتھ جمہوری انداز کی تلنگانہ تحریک چلانے والے کے سی آر کو تلنگانہ کے عوام نے مہاتما کے لقب سے نوازا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ کے سی آر کو مہاتما کے لقب سے پکارنے پر بوکھلاہٹ کاشکار سیاسی قائدین اپنے ساٹھ سالہ دوراقتدار کو کس طرح فراموش کرسکیں گے جس میںتلنگانہ کے سرکاری اسکولوں کو تباہی کے دہانے پر پہنچاکریہاں پر خانگی تعلیمی نظام کو فروغ دینے کاکام کیا جس کے سبب معاشی طور پر پسماندہ تلنگانہ کے طبقات تعلیم سے محروم ہوئے۔انہوں نے مزیدکہاکہ تلنگانہ کے سرکاری دواخانوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم کرتے ہوئے جنھوں نے تلنگانہ میں کارپوریٹ دواخانوں کے لئے سرخ قالین بچھایا اور آج تلنگانہ کی ترقی کے علمبردار کے چندرشیکھر رائو کو مہاتماکے لقب سے پکارنے پر پریشان ہیں۔وزیرداخلہ این نرسمہاریڈی نے ٹی آر ایس مہاگرجنا کو ریاست تلنگانہ میں ایک نئے سیاسی انقلاب کا نقیب قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس پارٹی کے قائدین او رکارکنوں نے پلینری اجلاس او رمہاگرجنا کی تیاری میں پوری ریاست کو گلابی رنگ میںرنگ دیا تھا۔مسٹر نرسمہار یڈی نے بھی پلینری اجلاس اورمہاگرجنا کی کامیابی پر پارٹی قائدین اور کارکنو ںکو مبارکباد پیش کی۔