ٹی آر ایس کے پانچویں ایم ایل سی امیدوار کی کامیابی کیلئے ارکان کی بھرپور تائید

کانگریس و تلگودیشم کی تنقیدیں بے معنی، کڈیم سری ہری ڈپٹی چیف منسٹر کا ادعا
حیدرآباد /21 مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کڈیم سری ہری نے ادعا کیا کہ ٹی آر ایس کے پانچویں امیدوار کی کامیابی کے لئے درکار ارکان کی تائید حاصل ہے۔ انھوں نے ٹی آر ایس کی جانب سے پانچویں امیدوار کو میدان میں اتارنے پر کانگریس، تلگودیشم اور بی جے پی کی تنقیدوں کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جمہوری عمل ہے، لہذا انتخابات میں ہر کوئی مقابلہ کرسکتا ہے۔ ٹی آر ایس کو اپنی طاقت پر بھروسہ ہے، جب کہ دیگر جماعتوں نے تائید کا تیقن دیا ہے، اس طرح تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ٹی آر ایس نے اپنے پانچویں امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو اپنے ارکان اسمبلی پر بھروسہ نہیں ہے، اسی لئے وہ اس طرح کی باتیں کر رہی ہیں، جب کہ حکومت کی کار کردگی اور کے سی آر کی قیادت پر بھروسہ کرکے دیگر جماعتوں کے ارکان اپنے حلقہ جات کی ترقی اور عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر کے بشمول پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے والے تمام امیدواروں نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور پارٹی کے استحکام و حکومت کی پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے میں اہم رول ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ وہ جیسے ہی کونسل کے لئے منتخب ہو جائیں گے، لوک سبھا کی نشست سے مستعفی ہو جائیں گے۔