حیدرآباد۔/2 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی مساعی سے ٹی آر ایس کے ناراض رکن کونسل کے نارائن ریڈی نے پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے اعلان کیا کہ کے سی آر کا فیصلہ انہیں قبول ہے۔ نارائن ریڈی نے کلواکرتی اسمبلی حلقہ سے پارٹی ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن جئے پال یادو کو یہ ٹکٹ دیا گیا۔ اس فیصلہ سے ناراض رکن کونسل کے نارائن ریڈی نے انتخابی مہم سے دوری اختیار کرلی تھی اور ان کے بارے میں افواہیں گرم تھیں کہ وہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ نارائن ریڈی نے اپنے حامیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مستقبل کا لائحہ عمل طئے کرنے مشاورت کی۔ اسی دوران وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے نارائن ریڈی سے بات چیت کی اور انہیں مستقبل میں بہتر مواقع فراہم کرنے کا تیقن دیا جس کے بعد نارائن ریڈی کے ٹی آر کے ہمراہ انتخابی جلسہ عام میں شریک ہوئے۔ اس طرح حلقہ اسمبلی کلواکرتی میں پارٹی کی ناراض سرگرمیوں کا خاتمہ ہوا۔ نارائن ریڈی نے پارٹی ہائی کمان پر زور دیا تھا کہ وہ امیدوار کو تبدیل کردیں لیکن پارٹی قیادت نے اس مطالبہ کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ کے ٹی آر سے ملاقات کے بعد نارائن ریڈی نے کہا کہ وہ پارٹی کی کامیابی کیلئے کام کریں گے اور کسی اور پارٹی میں شمولیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کلواکرتی میں جئے پال یادو کی کامیابی کیلئے وہ مساعی کریں گے۔