حیدرآباد 31 جنوری ( آئی این این ) تلگودیشم لیڈر نارا لوکیش نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کے اس ادعا کی تردید کی کہ ان کی والدہ بھونیشوری نے ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے لوکیش نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ کے چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر ہوتے ہوئے غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ صرف تلگودیشم کو ووٹ دینگی اور ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کا وعدہ نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی شریک حیات شوبھا خود ٹی آر ایس کے موقف سے الجھن کا شکار ہیں۔