ٹی آر ایس کے ذریعہ ہی مسائل کا حل : ہریش راؤ

حیدرآباد ۔26 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں سیما آندھرا پارٹیوں کی کوئی ضرورت نہیں اور آئندہ انتخابات میں عوام سیما آندھرا پارٹیوں کا تلنگانہ سے صفایا کردیں گے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ مجوزہ انتخابات کی مخالف تلنگانہ جماعتوں کے امیدواروں کی ضمانت بھی ضبط ہوجائے گی ۔ ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے کے سی آر کی قیادت کو مستحکم کریں اور ٹی آر ایس کو برسر اقتدار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف ٹی آر ایس ہی عوام کے مسائل حل کرسکتی ہیں کیونکہ گزشتہ 14 برسوں کی جدوجہد کے بعد پارٹی نے عوامی مسائل کا قریب سے جائزہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت اور عوام کے مطالبہ پر ہی ٹی آر ایس کو مکمل سیاسی جماعت میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مجالس مقامی کی انتخابی مہم میں 10 اضلاع میں ٹی آر ایس کو عوام کی زبردست تائید حاصل ہورہی ہے اور مجالس مقامی کی اکثریت پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے فوری بعد عام انتخابات کی مہم شروع ہوگی۔ ہریش راؤ نے یقین دلایا کہ تلنگانہ ریاست میں دلتوں اور کمزور طبقات کی بھلائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں اسمبلی اور لوک سبھا کی نشستوں پر ٹی آر ایس امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ تلنگانہ میں تشکیل حکومت اور مرکز میں ٹی آر ایس اہم رول ادا کرنے کے موقف میں ہوگی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لوک سبھا کی زائد نشستوں پر ٹی آر ایس کو کامیاب کریں تاکہ مرکز سے نئے پراجکٹس اور فنڈس کے حصول میں مدد ملے۔