حیدرآباد۔/3فبروری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ریاستی سطح کے توسیعی اجلاس میں شہ نشین پر وزراء کو نشستیں فراہم نہیں کی گئیں چونکہ یہ پارٹی کا اجلاس تھا لہذا نوتشکیل شدہ ریاستی سطح کی اسٹیرنگ کمیٹی کے ارکان چیف منسٹر کے ساتھ شہ نشین پر موجود تھے۔ پارٹی صدر چندر شیکھر راؤ جیسے ہی اجلاس کے مقام پر پہنچے تو انہوں نے پہلے پارٹی پرچم لہرایا بعد میں شہ نشین پر پہنچ کر انہوں نے ریاستی کمیٹی کی تحلیل کا اعلان کیا۔ نوتشکیل شدہ اسٹیرنگ کمیٹی کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کمیٹی کے ارکان کو شہ نشین پر مدعو کیا گیا۔ اسٹیرنگ کمیٹی کے ارکان کے علاوہ پارٹی کے قومی سکریٹری جنرل ڈاکٹر کیشوراؤ شہ نشین پر چیف منسٹر کے بازو تھے جبکہ وزراء اور عوامی نمائندوں کو مندوبین کی پہلی نشستوں پر جگہ فراہم کی گئی تھی۔
٭٭ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ترجمان جی رامچندر راؤ اور بعض دیگر قائدین نے آج ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ پارٹی کے توسیعی اجلاس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ان کا استقبال کیا اور پارٹی کا کھنڈوا پہنایا۔ان کے علاوہ نرسنگ راؤ اور دیگر قائدین نے بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیارکرلی۔
٭٭ توسیعی اجلاس میں حکومت کے مشیر ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار اے کے گوئل کی جانب سے شائع کی گئی تلنگانہ پر خصوصی کتاب کی رسم اجراء انجام دی گئی۔ چیف منسٹر نے کتاب کی رسم اجراء انجام دی جس میں ریاست کی ترقی اور اس کی تہذیب و تمدن سے متعلق تفصیلات موجود ہیں۔
٭٭ توسیعی اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹرس محمد محمود علی، کڈیم سری ہری کے علاوہ ریاستی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل، پولیٹ بیورو ارکان، اسٹیٹ کمیٹی کے عہدیدار، ضلع کمیٹی کے صدور و عہدیدار، اسمبلی حلقہ جات کے انچارج اور مختلف سرکاری اداروں کے صدورنشین اور مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ 5ہزار مندوبین کی شرکت کی توقع کی گئی لیکن شرکت کرنے والوں کی تعدا د اس سے کہیں زیادہ تھی۔