عوام کے سی آر کو سبق سکھائیں۔ جگار یڈی کی پریس کانفرنس
حیدآباد ۔8 اکٹوبر ( سیاست نیوز) کانگریس کے قائد جگا ریڈی نے عوامی توقعات اور امیدوں پر پانی پھیرنے والے کے سی آر اور ٹی آر ایس کو کچل دینے اور کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔ آج گاندھی بھون میں صدرنشین کانگریس انتخابی منشور کمیٹی دامودھر راج نرسمہا سے ملاقات کرتے ہوئے چند مسائل پر ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے انہیں کانگریس کے منشور میں شامل کرنے کی اپیل کی ۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 ایکڑ سے کم اراضی والے کسان کو 50ہزار روپئے تک بلاسودی قرض دلانے ‘ زراعت کے نقصانات پر بینکوں سے نقصانات کی پابجائی کراے کے قواعد تیار کرنے ‘ نقلی بیج اور کھاد کی روک تھام کیلئے قوانین پر سختی سے عمل آوری کرنے ‘ چھوٹے اور غریب کسانوں کو ٹریکٹر دینے کے علاوہ کسانوں کے مفادات سے متعلق مزید چند تجاویز پیش کی ۔ کرسچن طبقات کو دلتوں کا درجہ دینے تلنگانہ کی تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے عثمانیہ یونیورسٹی ‘ کاکتیہ یونیورسٹیز کے بشمول دوسرے یونیورسٹیز کے طلبہ کو روزگار فراہم کرنے کیلئے خصوصی بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ۔ اعلیٰ ذات کے پسماندہ عوام کیلئے علحدہ سب پلان تشکیل دینے کا پارٹی منشور کے ذریعہ وعدہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس تمام شعبوں میں ناکام ہوچکی ہے ۔ سماج کے تمام طبقات کو جھوٹے وعدوں کے ذریعہ دھوکہ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے تلنگانہ کے عوام ٹی آر ایس سے بدظن ہوچکے ہیں اور کانگریس کو اقتدار سونپنے کیلئے بڑی بے چینی سے انتخابات کا انتظار کررہے ہیں ۔