ٹی آر ایس کے ایم ایل سی امیدوار کے حق میں ووٹ کے استعمال کی اپیل

حصول تلنگانہ جدوجہد میں دیوی پرسادکا سرگرم رول ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔12مارچ(سیاست نیوز) پرانے شہر کے تمام گریجویٹس سے ٹی آر ایس کے ایم ایل سی امیدوار دیوی پرساد کے حق میںاپنے ووٹ کا استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے کہاکہ دیوی پرساد ہی ایک ایسے امیدوار ہیں جوگریجویٹس طبقے کے مسائل سے اچھی طرح واقف ہیں۔ آج یہاں ٹی آر ایس پارٹی آفس اعظم پورہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد محمود علی نے کہا پچھلے دس سالوں سے دیوی پرساد تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کی نمائندگی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حصول تلنگانہ جدوجہد کے لئے سرکاری ملازمین کی جانب سے شروع کی گئی عام ہڑتال کے بھی دیوی پرساد روح رواں رہے۔جناب محمد محمود علی نے مزیدکہاکہ پی آر سی کی اجرائی میںبھی دیوی پرساد نے سرگرم رول ادا کیا ۔ انہوں نے دیوی پرساد کی کامیابی کو تلنگانہ کے تمام گریجویٹس کی کامیابی قراردیا اور کہاکہ گریجویٹس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے واقف امیدوار کی کامیابی مسائل کے حل کی ضمانت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی دیوی پرساد کو اپنا امیدوار نامزد کرتے ہوئے تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے بشمول گریجویٹس کمیونٹی کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کا موقع فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ گجرات کے بعد تلنگانہ ملک کی دوسری ریاست ہے جس نے سرپلس بجٹ پیش کرتے ہوئے ایک تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے شہر حیدرآباد‘ رنگاریڈی اور محبوب نگر کے تمام گریجویٹس سے دیوی پرساد کے حق میںاپنا ووٹ استعمال کرنے کی اپیل کی تاکہ سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیاجاسکے۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقہ جات کے ٹی آر ایس انچارجس‘ بلدی حلقہ انچارجس کی جانب سے دیوی پرساد کے حق میں چلائی جانے والی تحریک کی ستائش کی۔جناب منیر‘ شبیر احمد‘ اعظم علی خرم‘ سدرشن‘ ایم اے قیصر ‘ راشد شریف کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔