ٹی آر ایس کے امیدواروں کو لوک سبھا اور اسمبلی کے لیے کامیابی کو یقینی بنانے کی اپیل

گدوال میں وائی ایس آر سی پی قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت ، کے چندر شیکھر راؤ کا خطاب

حیدرآباد۔/6مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے صدر کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ آئندہ انتخابات میں تلنگانہ کی تمام لوک سبھا اور اسمبلی کی نشستوں پر ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ کے سی آر نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ کی تعمیرِ نو میں ان کی پارٹی اہم رول ادا کرے گی۔ چندر شیکھر راؤ آج محبوب نگر کے گدوال میں کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے انچارج برائے گدوال بی کرشنا موہن ریڈی اور کانگریس سے تعلق رکھنے والے سابق میونسپل چیرمین کیشو اور دیگر قائدین نے آج ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ چندر شیکھر راؤ لوک سبھا میں حلقہ محبوب نگر کی نمائندگی کرتے ہیں اور گدوال ان ہی کے لوک سبھا حلقہ کے تحت آتا ہے۔ چندرشیکھر راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ کرشنا موہن ریڈی کو آئندہ انتخابات میں کامیاب بنائیں۔ اس طرح انہوں نے گدوال اسمبلی حلقہ کیلئے موہن ریڈی کی امیدواری کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے کئی فنکاروں نے تلنگانہ جدوجہد میں اہم رول ادا کیا اور تحریک کو مستحکم کیا۔ کے سی آر نے کہا کہ سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں نے اپنی جانیں قربان کیں اور تلنگانہ عوام 14برسوں تک علحدہ ریاست کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر کے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے تلنگانہ ریاست کے حصول میں کامیابی پر وہ فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے محبوب نگر میں خشک سالی اور کسانوں کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دو دریاؤں کے درمیان کا یہ علاقہ کس طرح خشک سالی کا شکار ہوسکتا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد محبوب نگر خشک سالی سے نجات حاصل کرلے گا۔ محبوب نگر کی ترقی تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ چندر شیکھر راؤ نے جورالا پراجکٹ سے محبوب نگر کو پانی کی سربراہی کا تیقن دیا اور کہا کہ کوئی بھی طاقت محبوب نگر کو پانی کی سربراہی سے روک نہیں پائے گی۔انہوں نے گدوال میں گروہ واری سیاست کے خاتمہ اور قیام امن کو یقینی بنانے کا تیقن دیا۔ کے سی آر نے کہا کہ ان کی جدوجہد افراد کے خلاف نہیں بلکہ غریبی اور غربت کے خلاف ہے۔انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو مناسب عہدے دینے کا بھی تیقن دیا۔ چندر شیکھر راؤ نے کنٹراکٹ ملازمین کے مسائل کیلئے چندرا بابو نائیڈو کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے چیف منسٹر کی حیثیت سے کنٹراکٹرس کے مفادات کا تحفظ کیا جبکہ کنٹراکٹ ملازمین کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس شاندار مظاہرہ کرے گی۔ ریاست کی تقسیم سے متعلق صدر جمہوریہ کی جانب سے یوم تاسیس کے اعلان کے بعد پہلی مرتبہ چندر شیکھر راؤ نے کسی ضلع کا دورہ کیا ہے اور وہ سب سے پہلے اپنے حلقہ انتخاب پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں ٹی آر ایس اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرے گی۔