ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی ناراضگی و بے چینی کا اظہار،ایس رام لنگا ریڈی اور بھاسکر راؤ کا سڑکوں کی ناقص حالت پر اظہار خیال

حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : جیسے جیسے انتخابات قریب آرہے ہیں ۔ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کی حکومت کے خلاف ناراضگی اور بے چینی آشکار ہورہی ہے ۔ آج وقفہ سوالات کے دوران ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ایس رام لنگا ریڈی نے اپنے اسمبلی حلقوں میں ناقص سڑکوں پر روشنی ڈالی اور نئی سڑکیں تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا جس پر وزیر پنچایت راج جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں تعمیر نہیں کی گئی تھی مگر ٹی آر ایس کے دور حکومت میں بڑے پیمانے پر بی ٹی روڈس تعمیر کی گئی ہیں ۔ وزیر کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایس رام لنگا ریڈی نے کہا کہ اگر ان کے حلقے میں سڑک تعمیر کرنے کا ثبوت پیش کردیں تو وہ زمین پر ناک رگڑنے کے لیے تیار ہیں ۔ کانگریس سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے رکن اسمبلی بھاسکر راؤ نے کہا کہ وہ کانگریس سے ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ہیں ۔ اس کے لیے ترقیاتی کاموں میں ان کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے گذشتہ 4 سال سے ان کے اسمبلی حلقہ کے مختلف مقامات پر سڑکیں تعمیر نہیں کی گئی ۔ عوام کو سخت مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ اگر فوری سڑکیں تعمیر نہیں کی گئی تو ان پر عوامی ناراضگی میں مزید اضافہ ہوگا ۔ ٹی آر ایس کے کئی ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں کے سڑکوں کے مسائل کو پیش کیا اور کئی ارکان اسمبلی اپنے مسائل پیش کرنا چاہتے تھے ۔ ایوان کے موڈ کو دیکھ کر اسپیکر اسمبلی مدھوسدن چاری نے کہا کہ ان کے حلقہ اسمبلی میں بھی سڑکوں کے مسائل ہیں عوام مشکلات سے دوچار ہیں لہذا وزیر پنچایت اس پر تفصیلی اور سب کے لیے تسلی بخش جواب دیں ۔ وزیر پنچایت راج جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر بی ٹی سڑکوں کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں جتنی رقم خرچ کی گئی تھی اس سے تین گنا زیادہ رقم خرچ کی گئی ہے ۔۔