ٹی آر ایس کی چالبازی اور بی جے پی کی فرقہ پرستی نہیں چلے گی

حیدرآباد /8 جولائی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین نے کہا کہ ٹی آر ایس کی چالبازی اور بی جے پی کی فرقہ پرستی نہیں چلے گی۔ کانگریس واحد جماعت ہے، جس نے کبھی فرقہ پرستی سے سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی بی جے پی سے اتحاد کیا۔ انھوں نے نئی ذمہ داریاں حاصل کرنے کے بعد گاندھی بھون میں اپنے چیمبر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اپنے اصولوں اور سیکولرازم سے انحراف نہیں کیا اور نہ ہی فرقہ پرستوں سے سمجھوتہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، جب کہ تحفظات سے مسلمانوں کی توجہ ہٹانے کے لئے افطار پارٹی اور غریب مسلمانوں کو کپڑے وغیرہ دینے کا اعلان کرکے ان کی غربت کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی تشکیل کے بعد ہندوتوا طاقتیں من مانی کر رہی ہیں، ملک کے امن و امان کو بگاڑنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن مسلمان اس سے خوف زدہ نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ بہت جلد تلنگانہ کے اضلاع کا دورہ کرکے کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کو مزید تقویت پہنچانے کے لئے حکمت عملی تیار کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کانگریس نے تنہا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لہذا پرانے شہر میں پارٹی کو مستحکم کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بلدی حلقوں میں مقابلہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جس نظریہ سے تلگودیشم اور بی جے پی اتحاد کو دیکھ رہی ہے، اسی نظریہ سے ٹی آر ایس اور مجلس کے اتحاد کو بھی دیکھتی ہے، لہذا ان چاروں جماعتوں کے خلاف مضبوط حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس سیکولرازم پر ایقان رکھنے والی جماعت ہے۔