حیدرآباد 3 جولائی (این ایس ایس )سی پی آئی نے ٹی آر ایس حکومت پر انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل کا الزام عائد کرتے ہوئے 23 اور 24 جولائی کو تحصیلدار دفاتر پر بڑے پیمانے پر بھوک ہڑتال منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ حکومت ڈبل بیڈ روم مکانات ‘ امکنہ اراضی ‘ دلتوں کو تین ایکڑ اراضی فراہم کرنے ‘ اراضی پٹہ جات کی اجرائی وغیرہ میں ناکام ہوگئی ہے ۔ ریاستی سی پی آئی کی عاملہ کا ایک اجلاس آج منعقد ہوا جس میں ریاستی و قومی صورتحال پر غور کیا گیا ۔ سی پی آئی ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے ریاستی صورتحال پر رپورٹ پیش کی ۔ اجلاس میں کئی فیصلے کئے گئے ۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ یکم تا 14 اگسٹ وزیر اعظم نریندرمودی کی ناکامیوں کے خلاف بھی مہم چلائی جائیگی ۔ اس سلسلہ میں جلسے منعقد کئے جائیں گے ‘ سمینار منعقد کئے جائیں گے اور پمفلٹس و بک لیٹس تقسیم کئے جائیں گے ۔