ٹی آر ایس کی مقبولیت پر کانگریس بوکھلاہٹ کا شکار ، کے سی آر خاندان کو نشانہ بنانے کوشاں

حیدرآباد ۔6 ۔مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے افراد خاندان پر کانگریس قائدین کی تنقیدوں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ پارٹی کے سابق رکن قانون ساز کونسل بھانو پرساد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر اور کونسل میں قائد اپوزیشن محمد علی شبیر پر سخت تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین دراصل حکومت کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے اور کے سی آر کے افراد خاندان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بھانو پرساد نے کہا کہ کانگریس قائدین کے الزامات بے بنیاد ہیں اور عوام اس طرح کے الزامات پر بھروسہ کرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے مسترد کئے گئے قائدین کا حکومت اور حکومت میں شامل افراد پر تنقید کرنا ان کی بوکھلاہٹ کو ثابت کرتا ہے۔ بھانو پرساد نے کہا کہ اپوزیشن قائدین کو حکومت پر تنقید کا کوئی حق نہیں کیونکہ سابق میں حکومتوں کی عدم کارکردگی کے سبب عوام نے کانگریس اور تلگو دیشم کو مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے حکومت پابند عہد ہے۔ اس سلسلہ میں کئی اقدامات کئے گئے۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا آغاز ہوچکا ہے اور کئی نئی اسکیمات متعارف کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن قائدین عوام کی بھلائی چاہتے ہیں تو انہیں چاہئے کہ حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کریں۔

انہوں نے پونم پربھاکر اور محمد علی شبیر کو مشورہ دیا کہ حکومت کی پالیسی اور فیصلوں پر تنقید کے بجائے اسکیمات پر بہتر عمل آوری کے لئے تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جس وقت محمد علی شبیر وزیر برقی تھے ، کسانوں کو برقی سربراہی کے سلسلہ میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے برقی بحران پر کامیابی سے قابو پالیا ہے۔ موسم گرما کے باوجود کسی بھی شعبہ کیلئے برقی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔ بھانو پرساد نے کہا کہ شہری علاقوں میں ہر موسم گرما میں برقی کٹوتی کی جاتی رہی لیکن کے سی آر حکومت نے موسم گرما میں کوئی کٹوتی نہیں کی۔ اس طرح موثر انداز میں برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے ٹریننگ سنٹر پر پونم پربھاکر کی تنقید کو مسترد کردیا اور کہاک کہ عوامی مسائل پر عوامی نمائندوں میں شعور بیدار کرنے کیلئے چیف منسٹر نے ٹریننگ کلاسس کا اہتمام کیا ۔ بھانو پرساد نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں عوامی نمائندے حکومت کی پالیسی و پروگراموں سے ناواقف رہتے تھے لیکن کے سی آر نے اسکیمات پر بہتر عمل آوری کیلئے ٹریننگ کلاسس کا اہتمام کیا اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کلاسس کا اہتمام پارٹی کا داخلی معاملہ ہے۔ لہذااپوزیشن کو تنقید کا حق نہیں۔