مودی کی جانب سے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کو سیاسی رنگ دیا گیا
حیدرآباد۔/17فبروری، ( سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے ٹی آر ایس کی مرکزی وزارت میں شمولیت سے متعلق اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ پارٹی نے مرکزی حکومت میں شمولیت کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس طرح کی کوئی تجویز زیر غور ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے بعض اخبارات میں کویتا اور کیشو راؤ کی مرکزی کابینہ میں عنقریب شمولیت سے متعلق شائع شدہ خبروں کو محض قیاس آرائی پر مبنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو سالگرہ کی مبارکباد دیئے جانے کو بعض صحافتی حلقے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ وزیر اعظم کی مبارکباد کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ٹی آر ایس مرکزی حکومت میں شامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پارٹی کے اُمور دو مختلف چیزیں ہیں انہیں یکجا نہیں کیا جاسکتا۔ ٹی آر ایس حکومت نے تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت کے تعاون کی کوشش کی ہے۔ وزیر اعظم نے تلنگانہ کی ترقی میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ٹی آر ایس این ڈی اے حکومت میں شامل ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں این ڈی اے برسراقتدار ہو یا پھر یو پی اے حکومت ہو کوئی بھی ریاست اپنی ترقی کیلئے مرکز سے رجوع ہوتی ہے اسی طرح تلنگانہ حکومت بھی مرکز سے تعاون حاصل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے چیف منسٹر کی جانب سے مرکز سے تعاون حاصل کرنے میں کوئی بری بات نہیں۔ انہوں نے صحافتی گوشوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس طرح کی خبروں کے سلسلہ میں محتاط رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کسی بھی قائد نے اب تک اس طرح کا کوئی اشارہ نہیں دیا کیونکہ پارٹی میں کوئی تجویز نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاستوں کی ترقی میں تعاون کرے۔ مرکز کی جانب سے تلنگانہ ریاست کی ترقی میں تعاون کرنے کو سیاسی تبدیلیوں سے جوڑا نہیں جاسکتا۔