حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام نے نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر کانگریس پر دباؤ بنانے کا اعتراف کیا۔ ٹی آر ایس کی ظالم حکومت سے عوام کو نجات دلانے کیلئے ہم کچھ حد تک سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ کانگریس کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بڑے دل کا مظاہرہ کرے۔ ہم دو قدم آگے بڑھ رہے ہیں تو کانگریس کم از کم ایک قدم بڑھائے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ ہم خیال جماعتوں میں اتحاد پیدا کرنے کیلئے وہ ہر ممکن کوشش کررہے ہیں سب کو ساتھ لے کر چلنا بھی کانگریس کی ذمہ داری ہے۔ اتحاد کے بارے میں جلد از جلد فیصلہ کرنے کے معاملہ میں وہ کانگریس پر دباؤ بنارہے ہیں۔ ریاست میں سیاسی حالات تیزی سے رُخ بدل رہے ہیں۔ تمام جماعتوں کو متحد ہوکر ظالم ٹی آر ایس حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنا ہے۔ جس جذبہ کے تحت تلنگانہ کی تحریک چلائی گئی تھی اسی جذبہ کے تحت ٹی آر ایس کے خلاف انتخابی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ اس کیلئے ہم خیال جماعتوں میں اتحاد ضروری ہے۔