ٹی آر ایس کی حکمرانی سے عوام خوش رکن پارلیمنٹ نرسیا گوڑ

حیدرآباد ۔ 25۔ اپریل (سیاست نیوز)  ٹی آر ایس ایم پی بی نرسیا گوڑ نے کہا کہ ٹی آر ایس کی حکمرانی میں ریاست کی عوام خوشحال ہیں اور ٹی آر ایس کی پلینری کے موقع پر ریاست میں عید اور تہوار کا ماحول دیکھا جارہا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نرسیا گوڑ نے کہا کہ 27 مارچ کو ورنگل جلسہ کے سلسلہ میں عوام میں جوش و خروش ہے اور لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تلنگانہ تحریک کے دوران عوامی احتجاج پر غیر معمولی ردعمل دیکھا گیا تھا ، اسی طرح ورنگل جلسہ عام بھی انتہائی کامیاب رہے گا ۔ گزشتہ تین برسوں میں کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت نے جو ترقیاتی اور بھلائی کے کام انجام دیئے ہیں، اس کا اعتراف عوام کو ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے اور کسانوں کی بھلائی کیلئے کے سی آر نے جو اقدامات کئے اس کی مثال ملک کی کوئی ریاست پیش نہیں کرسکتی ۔ کسانوں کو فی ایکر 4000 روپئے کی ادائیگی کا تاریخی فیصلہ کیا گیا ۔ اس کے علاوہ کسانوں کی پیداوار پر مناسب امدادی قیمت کی ادائیگی اور کسانوں کو نقلی بیج اور کھاد سے بچانے کے اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے دوبارہ منتخب کریں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے ۔ انہوں نے کانگریس اور تلگو دیشم کی جانب سے حکومت پر الزام تراشی کو مسترد کردیا ۔