ٹی آر ایس کی ایک سالہ حکومت میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا

مخالف تلنگانہ قائدین کو کابینہ میں شامل کرنے کی مذمت ، ای دیاکر راؤ تلگو دیشم قائد مقننہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ مقننہ تلگو دیشم کے قائد مسٹر ای دیاکر راؤ نے ایک سال میں انتخابی منشور کا ایک وعدہ بھی پورا نہ کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ پر الزام عائد کیا مخالف تلنگانہ قائدین کو کابینہ میں شامل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے تلگو دیشم سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے 4 ارکان اسمبلی کو استعفیٰ دیتے ہوئے دوبارہ خط اعتماد حاصل کرنے کا چیلنج کیا ۔ تلگو دیشم کے مہاناڈو سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر دیاکر راو نے کہا کہ ٹی آر ایس کا ایک سالہ دور حکومت تلنگانہ عوام کے لیے مایوس کن ہے ۔ اقتدار کی لالچ میں کیے گئے ایک وعدے کو بھی پورا نہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ غریب عوام کو دو روم فلیٹ کب تعمیر کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ سے استفسار کیا اور کہا کہ تلنگانہ کی تحریک میں طلبہ کا ناقابل فراموش رول رہا ہے ۔ تاہم تلنگانہ حکومت تعلیمی مفادات کو نقصان پہونچا رہی ہے اور طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے ۔ تلنگانہ کے لیے زندگیاں قربان کرنے والے مجاہدین کے ارکان خاندان کو راحت فراہم کرنے کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ ٹی آر ایس حکومت ایک سال میں عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے ۔ اس کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے ۔ انہوں نے تلگو دیشم کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے والے 4 ارکان اسمبلی کو عہدے اور دولت کا لالچ دیتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو چیلنج کیا کہ وہ ان 4 ارکان اسمبلی سے استعفیٰ دلائے اور ضمنی انتخابات میں کامیاب ہو کر اگر دوبارہ 4 قائدین ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر کامیاب ہوجاتے ہیں تو آئندہ تلگو دیشم کے مہاناڈو میں چیف منسٹر تلنگانہ کو تہنیت پیش کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کابینہ میں اکثریت مخالفین تلنگانہ کی ہے ۔ سربراہ تلگو دیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے جب تلنگانہ کی تائید میں مرکز کو مکتوب روانہ کیا تو اس کی مسٹر ٹی سرینواس یادو اور مسٹر ناگیشور راؤ نے سب سے پہلے مخالفت کی ۔ مسٹر کڈیم سری ہری نے کبھی تلنگانہ کی تحریک میں حصہ نہیں لیا ۔ تلنگانہ کی عوام ٹی آر ایس پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پچھتا رہی ہیں ۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس زوال کی طرف جارہی ہے جو بھی انتخابات ہوں گے ۔ تلگو دیشم پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات میں تلگو دیشم بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات میں تلگو دیشم بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کو تلگو دیشم سے خطرہ ہے اس لیے وہ تلگو دیشم کے عوامی منتخب نمائندوں کو ڈرا دھمکاکر دولت و عہدوں کا لالچ دے کر ٹی آر ایس میں شامل کررہے ہیں ۔۔