کے سی آر جلسہ عام سے خطاب کریں گے،نلگنڈہ ، ونپرتی اور ورنگل میں بھی جلسہ عام کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ اور کارگزار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 3 اکتوبر سے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے ۔ ضلع نظام آباد میں چہارشنبہ کو پہلا جلسہ عام منعقد ہوگا جس کی تیاریاں بڑے پیمانہ پر کی گئی ہیں۔ رکن پارلیمنٹ اور کے سی آر کی دختر کویتا کے علاوہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر پوچارام سرینواس ریڈی کی نگرانی میں انتظامات کئے گئے ۔ متحدہ نظام آباد ضلع کے تمام اسمبلی حلقہ جات سے عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے پارٹی امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے ۔ توقع کی جارہی ہے کہ کے سی آر نظام آباد میں آئندہ انتخابی منشور میں شامل کئے جانے والے نئے وعدوں کا اعلان کریں گے ۔ کے سی آر نے پانچ انتخابی جلسوں کا پروگرام بنایا ہے۔ 4 اکتوبر کو نلگنڈہ ، 5 اکتوبر ونپرتی ، 7 اکتوبر ورنگل اور 8 اکتوبر کو کھمم میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ 5 انتخابی جلسوں کے ذریعہ تقریباً 50 سے زائد اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا اور متحدہ اضلاع کے تمام پارٹی امیدوار اس جلسہ میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق انتخابی شیڈول کی اجرائی کے بعد کے سی آر دوسرے مرحلہ کی مہم کا آغاز کریں گے۔ وہ 100 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرنے کا منصوبہ تیار کرچکے ہیں۔ یہ وہ حلقے ہیں جہاں ٹی آر ایس کے سروے کے مطابق پارٹی کا موقف مستحکم ہے۔ کے سی آر نے آج سینئر قائدین سے مشاورت کرتے ہوئے انتخابی جلسوں میں موضوع بنائے جانے والے مسائل پر بات چیت کی۔ چیف منسٹر کی تقریر میں حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کا تفصیل سے احاطہ کرنے کے علاوہ اپوزیشن پر حملہ کیا جائے گا جو مہاکوٹمی کے ذریعہ ٹی آر ایس کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ کانگریس ، تلگو دیشم اور کودنڈا رام کی پارٹی تلنگانہ جنا سمیتی میں انتخابی مفاہمت کو کے سی آر اپنی تقریر کا اہم موضوع بنائیں گے۔ وہ تلنگانہ تحریک کے دوران نوجوانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتے ہوئے تینوں جماعتوں کے اتحاد کو نشانہ بنائیں گے ۔ مخالف تلنگانہ جماعت تلگو دیشم سے کانگریس اور جنا سمیتی کے اتحاد کو عوام میں مخالف تلنگانہ طاقتوں کے اتحاد کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر سیاسی موضوعات کے علاوہ ہر ضلع کے مقامی مسائل کو بھی اپنی تقریر میں شامل کریں گے تاکہ عوامی تائید حاصل کی جاسکے ۔ ہر ضلع میں آسرا پنشن ، سفید راشن کارڈ پر چاول کی سربراہی ، اقامتی اسکولوں کا قیام ، رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیمات کے لاکھوں استفادہ کنندگان کی تفصیلات عوام میں پیش کی جائیں گی ۔ ہر ضلع کی ترقی کے بارے میں پارٹی نے خصوصی کتابچے اور پمفلٹ تلگو زبان میں شائع کئے ہیں جو چیف منسٹر کے دورہ کے موقع پر عوام میں تقسیم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے امیدواروں کو ہدایت دی ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کو ملحوظ رکھتے ہوئے کام کریں۔ چیف منسٹر کے دورہ کے موقع پر امیدوار ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں گے جو الیکشن کمیشن کی نظر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور ہوگا ۔