ٹی آر ایس کو 101 نشستوں پر کامیابی کا ادعا بھونڈا مذاق : اتم کمار ریڈی

چیف منسٹر کے سی آر سے سروے کی ریاست بتانے پر زور، صدر تلنگانہ پی سی سی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 25 اگست (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس کو 101 اسمبلی حلقوں پر کامیابی کے دعوے کو سال کا سب سے بڑا بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے استفسار کیا کہ کونسی ریاست میں سروے کرایا گیا۔ پی آر سی کے معاملے میں سرکاری ایمپلائز سے آنکھ مچولی کھیلتے ہوئے ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر کانگریس کے رکن اسمبلی و سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی صدر حیدرآباد سٹی کانگریس و سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انتخابات جب بھی منعقد ہو، سامنا کرنے کیلئے کانگریس پارٹی پوری طرح تیار ہے اور کانگریس کو 75 اسمبلی حلقوں پر آسانی سے کامیابی حاصل ہوگی۔ چیف منسٹر کی جانب سے 101 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرنے کے دعوے کو سال کا سب سے بڑا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ مزید 18 حلقے کیوں چھوڑ دیئے۔ اس پر بھی قبضہ کیوں نہیں کیا جارہا ہے اس کی وضاحت کرنے پر زور دیا۔ اتم کمار ریڈی نے کے سی آر پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کیا یہ سروے دوسری ریاستوں میں کرائے گئے ہوں گے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ریاست کے تقریباً 4 لاکھ ٹیچرس و سرکاری ملازمین اور ڈھائی لاکھ وظیفہ یابوں کو فوری پی آر سی کا اعلان کرنے کا ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا اور کہا کہ 16 مئی کو پرگتی بھون میں چیف منسٹر نے ایمپلائز اور ٹیچرس تنظیموں کے نمائندوں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تلنگانہ کے یوم تاسیس 2 جون کو پی آر سی کی عبوری راحت دینے اور 15 اگست کو مکمل پی آر سی کا اعلان کرنے کا وعدہ تھا جس پر عمل نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ٹیچرس کے کنسٹریبیوٹرس پینشن اسکیم کا احیاء کرنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی پی آر سی دیا جائے گا ساتھ ہی کنسٹریبیوٹری اسکیم کا بھی احیاء کیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی کے ملازمین 25 فیصد آئی آر کا مطالبہ کررہے ہیں جو حق بجانب ہے لیکن حکومت نے صرف 16 فیصد آئی آر کا اعلان کیا ہے جبکہ 74 ہزار مزدوری والی آندھراپردیش آر ٹی سی نے مزدوروں کو 19 فیصد آئی آر دینے کا اعلان کیا ہے۔ 53 ہزار مزدور رہنے والے تلنگانہ آر ٹی سی کیلئے 16 فیصد آئی آر دیا جارہا ہے۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد آر ٹی سی ملازمین کو 25 فیصد آئی آر دیا جائے گا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ سرکاری ایمپلائز کو کارپوریٹ ہاسپٹلس میں مفت علاج کیلئے حکومت نے ہیلت کارڈس جاری کیا ہے۔ تاہم بقایا جات کی عدم اجرائی سے کارپوریٹ ہاسپٹلس سرکاری ایمپلائز کا علاج کرنے سے انکار کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے ایڈیڈ اسکولس، ماڈل اسکولس، ریزیڈنشیل کے بشمول کے جی بی وی اسکولس کے ٹیچرس کو بھی ہیلت کارڈ فراہم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔