ٹی آر ایس کو ووٹ کا مطلب ، نظام دور ، رضاکاروں کو ووٹ

اسنیک گینگ سے سختی سے نمٹنے حکومت سے مطالبہ ، رامچندر قائد بی جے پی کا بیان
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی بی جے پی نے عوام کو اس بات سے خبردار کیا ہے کہ میدک حلقہ لوک سبھا ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کو ووٹ دراصل نظام دور اور ظالم رضاکاروں کو ووٹ دینے کا مطلب ہوگا ۔ یہاں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بی جے پی قائد این رام چندر راؤ ٹی آر ایس قائد و ریاستی وزیر ہریش راؤ کے اس بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کررہے تھے ۔ جس میں ہریش راؤ نے کہا تھا کہ حلقہ میدک سے بی جے پی امیدوار کے انتخاب پر وہ (ہریش راؤ ) مستعفی ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تھا کہ بی جے پی کو ووٹ ، ٹی ڈی پی اور پون کلیان کو ووٹ ہوگا ۔ بی جے پی قائد نے کہا کہ ٹی آر ایس علاقے تلنگانہ میں ترقیاتی کام انجام دینے کے بجائے علاقے کے عوام کے جذبات کو علاقہ واریت پر بھڑکا رہی ہے اور دونوں علاقوں کے درمیان تنازعہ پیدا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد دوبارہ دہشت گردوں کا مرکز بن رہا ہے ۔ جب کہ حیدرآباد میں اسینک گینگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ ایم آئی ایم کے ساتھ حکومت کا نرم رویہ ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسنیک گینگ جیسی سرگرمیوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے ۔۔