کے سی آر ‘ غنڈہ گردی سے اقتدار حاصل کرنے کوشاں۔ ریونت ریڈی کا الزام
حیدرآباد یکم اکتوبر ( سیاست نیوز) ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کو ’گبرسنگھ‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ٹی آر ایس کو وٹ دینا چور کے ہاتھوں میں چاپیاں تھمانے کے مماثل ہوگا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ حکمراں ٹی آر ایس ان (ریونت ریڈی) سے خوفزدہ ہے ۔ کارگذار چیف منسٹر کے سی آر نے وزیراعظم مودی سے سازباز کرکے انھیں جھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور کانگریس کیڈر کے حوصلے پست کرنے منظم سازش کے تحت ان کے گھروں ، دفاتر اور رشتہ دار و دوست احباب کے گھروں پر انکم ٹیکس اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے دھاوے کراتے ہوئے غیرمحسوب اثاثہ جات کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی اور ان کے کردار کو مسخ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ تحقیقات میں عہدیداروں کو ٹی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی فائیلس ہی دستیاب ہوئی ہیں ۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ وہ ان ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں بلکہ تلنگانہ کے گاؤں گاؤں میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے ٹی آر ایس کو دفن کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں کریں گے ۔ انھوں نے کہاکہ 2014 ء انتخابات میں جھوٹے وعدے کرکے اقتدار حاصل کرنے والے کے سی آر کے خاندان نے ریاست کو پوری طرح لوٹ لیا اور حصول قرض میں تلنگانہ کو سارے ملک میں سرفہرست کردیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کے سی آر کو گبرسنگھ قرار دیتے ہوئے کہاکہ عوامی تائید سے محرومی کے بعد ٹی آر ایس غنڈہ گردی کے ذریعہ اقتدار حاصل کوشش کررہی ہے ۔ کے سی آر خاندان کے عزائم کو کانگریس کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔ کانگریس قائدین کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا تو کانگریس بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دینے سے گریز نہیں کریگی ۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ عوام سے کہاکہ ٹی آر ایس کو ووٹ دینا چور کے ہاتھ میں چابی دینے کے مترادف ہوگا ۔ اگر کانگریس کو وٹ دیا گیا تو گلی سے دہلی تک کانگریس کی حکومت ہوگی جو مسائل ہیں ان کو دور کرنے میں کامیابی حاصل ہوگی اس لئے کانگریس کو ووٹ دے کر ریاست کا مستقبل سنوارنے کا تلنگانہ کے عوام کو مشورہ دیا ۔ میڈیا کے ایک گوشے کی جانب سے ٹی آر ایس کی غیرمعمولی تائید کرنے اور کانگریس و دیگر اپوزیشن جماعتوں کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ ان میڈیا ہاوزس پر نظر رکھنے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا سنٹرل الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ۔