وزیراعظم اور امیت شاہ کی چمچہ گری کرنے والوں سے مسلمان ہوشیار رہیں
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو مستحکم کرنے کے برابر ہے ۔ صدر مجلس اسد الدین اویسی ، وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے سی آر کی چمچہ گری میں مصروف ہے ۔ عوام کو ایسے عناصر سے بھی چوکنا رہنے کا مشورہ دیا ۔ سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے گاندھی بھون میں صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی کے عہدے کی ذمہ داری قبول کرتے وقت منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گذشتہ 4 سال سے ملک بھر میں غیر یقینی صورتحال ہے ۔ مودی اور کے سی آر نے جمہوری اصولوں سے انحراف کرتے ہوئے ملک کے سامنے کئی چیلنجس کھڑا کردئیے ۔ ٹی آر ایس کا خفیہ طور پر بی جے پی سے اتحاد ہوگیا ہے ۔ ٹی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو مستحکم کرنے کے مترادف ہے ۔ چار سال سے شہر حیدرآباد ترقی سے محروم ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں ہی شہر حیدرآباد کی ترقی ہوئی ہے ۔ پرانے شہر کو ٹی آر ایس کے دور حکومت میں یکسر نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ پرانے شہر کی نمائندگی کرنے والی جماعت تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ میٹرو ریل کو پرانے شہر میں نہ چلاتے ہوئے عوام سے نا انصافی کی جارہی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اس مرتبہ کانگریس پارٹی پرانے شہر میں آر پار کی لڑائی لڑے گی ۔ ماضی میں مجلس کو جتانے کے لیے مقابلہ کیا جاتا تھا اس مرتبہ کانگریس پارٹی خود جیتنے کے لیے پرانے شہر میں مقابلہ کرے گی ۔ گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کو مستحکم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ عوام کا دل جیتنے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ عوام ٹی آر ایس ، بی جے پی اور مجلس سے تنگ آچکے ہیں ۔ عوام کو یقین ہے کانگریس کے دور حکومت میں ہی تمام مذاہب و طبقات کے مفادات کا تحفظ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی اور مجلس دونوں کو سماج کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے فرقہ پرستی کے وائرس کو کچل دینے کی عوام سے اپیل کی ۔ آئندہ دو ہفتے میں بوتھ سطح کے کمیٹیاں تشکیل دینے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں آندھرا کے قائدین کو بھی ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریکی کے ماحول میں کانگریس ہی عوام کے لیے امید کی کرن بنی ہوئی ہے ۔ صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو نے کہاکہ شہر حیدرآباد گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے جہاں کے عوام شیر و شکر کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ مل کر رہتے ہیں فرقہ پرست طاقتیں اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کے لیے شہر کے امن و امان کو تباہ و برباد کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔ وہ شہر حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کو مستحکم بنانے کے لیے دن رات کام کریں گے ۔ ضرورت پڑنے پر پیدل دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزراء ایس جئے پال ریڈی ، رینوکا چودھری ، قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔۔