ٹی آر ایس کو مضبوط و مستحکم بنانے تنظیمی انتخابات

حیدرآباد ۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) علحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کی جدوجہد کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد اقتدار حاصل کرنے والی تلنگانہ راشٹرا سمیتی اب اپنی تنظیم کو نچلی سطح سے مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے تنظیمی انتخابات پر اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے اور دیہی و منڈل سطح کے تنظیمی انتخابات کے ساتھ ساتھ ضلع سطح پر پارٹی کمیٹیوں کے انتخابی عمل کو بھی تقریباً مکمل کرلیا گیا۔ اس طرح ان انتخابات کے مکمل ہونے کے بعد ریاستی کمیٹی کی تشکیل کے ایک حصہ کے طور پر پہلے کارگذار (ورکنگ) صدر کا عہدہ بھی قائم کیا جارہا ہے اور اس عہدے کیلئے خود چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے فرزند مسٹر کے ٹی راما راؤ کو نامزد کئے جانے کی قوی امید پائی جاتی ہے۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے آئندہ ہفتہ میں منعقد ہونے والے پلینری سیشن میں کارگذار صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے عہدہ پر مسٹر کے ٹی راما راؤ کے انتخاب کا اعلان کیا جائے گا جبکہ صدر ٹی آر ایس عہدہ کیلئے بھی قرض کی تکمیل کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے باقاعدہ طور پر پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے

لیکن سمجھا جاتا ہیکہ صدارتی عہدہ کیلئے مسٹر کے چندرشیکھر کے ایک سے زائد پرچہ جات نامزدگیاں پارٹی کے مختلف مقامات سے تعلق رکھنے والے قائدین سے داخل کروائے جائیں گے۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ٹی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ (کارگذار صدر) عہدے کیلئے مسٹر کے ٹی آر کو ہی متفقہ طور پر منتخب کرلئے جانے کے امکان پر پارٹی حلقوں میں بڑے پیمانے پر مباحث جاری ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے گذشتہ انتخابات میں درکار اکثریت سے صرف تین زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے 63 نشستوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کی اور ان تمام حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی قیادت نے پارٹی کو نچلی سطح پر پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط و مستحکم بنانے و تنظیمی انتخابات کے ذریعہ پارٹی قائدین و کارکنوں میں نیا جوش و حوصلہ پیدا کرکے آنے والے انتخابات میں دو تہائی نشستوں سے سے بھی زائد نشستوں پر کامیابی کے حصول کیلئے ابھی سے اپنی کوششوں کا آغاز کیا ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ اس سلسلہ میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے پلینری سیشن میں چند ایک اہم فیصلے کئے جانے کا قوی امکان پایا جاتا ہے۔