ٹی آر ایس کو لوک سبھا کی 14اور اسمبلی کی 75نشستیں

چندر شیکھر راؤ کا دعویٰ، کانگریس کو 35 نشستوں کی پیش قیاسی

حیدرآباد۔/4اپریل، ( سیاست نیوز) صدر ٹی آر ایس چندر شیکھر راؤ نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی تلنگانہ میں اسمبلی کی 75اور لوک سبھا کی 14نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی حکومت قائم ہوگی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو اسمبلی کی 25تا35نشستیں حاصل ہوں گی جبکہ تلگودیشم کا تلنگانہ سے مکمل صفایا ہوجائے گا۔ انہوں نے چیف منسٹر کے عہدہ پر ٹی آر ایس کی دعویداری کو حق بجانب قرار دیا اور پونالہ لکشمیا کے اس ریمارک کو مسترد کردیا کہ ٹی آر ایس کی نظر اقتدار پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے علحدہ ریاست کیلئے جدوجہد کی لہذا نئی ریاست کے قیام کے بعد چیف منسٹر کے عہدہ پر اس کی دعویداری میں کوئی قباحت نہیں۔ انہوں نے کانگریس یا کسی اور پارٹی سے انتخابی مفاہمت کے امکانات کو یکسر مسترد کردیا اور کہا کہ تلنگانہ عوام بھی یہی چاہتے ہیں کہ پارٹی تنہا انتخابات میں حصہ لے۔انہوں نے کہا کہ پونالہ لکشمیا کو ٹی آر ایس پر تنقید کا کوئی حق حاصل نہیں اور آئندہ چند دنوں میں عوام کانگریس اور ٹی آر ایس کے مستقبل کا فیصلہ کردیں گے۔ کے سی آر نے تلنگانہ عوام کی ہمدردی سے متعلق چندرا بابو نائیڈو کی کوششوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا کے کٹر حامی چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ میں پارٹی کو بچانے کیلئے دکھاوے کی ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آندھرائی پارٹیوں کا تلنگانہ سے صفایا کردیں۔