شمس آباد میں راملو نائک ایم ایل سی کی پریس کانفر نس
شمس آباد ۔ /31 اکٹوبر (سیاست نیوز) شمس آباد کے موضع شاہ پور میں راملو نائیک ایم ایل سی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر تلنگانہ میں خاندانی حکومت کررہے ہیں اور وہ غرور اور تکبر میں مبتلا ہوچکے ہیں ۔ انہیں ارکان اسمبلی کے لئے بھی وقت نہیں ہے وہ صرف پرگتی بھون میں رہ کر اقتدار سنبھال رہے ہیں ۔ کے سی آر کے دونوں آنکھ خراب ہوچکے ہیں ۔ ان کا علاج دہلی میں نریندر مودی کررہے ہیں ۔ کے سی آر کے سروے میں ٹی آر ایس کو 100 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ۔ لیکن ٹی آر ایس صرف 25 تا 30 نشسوں تک ہی محدود ہو کر رہ جائے گی ۔ گجویل سے کے سی آر کی ہار ہوگی جس کی وجہ سے وہ گجویل کے بجائے میڑچل سے انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم و دیگر بڑے پراجکٹس کے کمیشن کی رقم وہ انتخابات کیلئے ہر رکن اسمبلی امیدوار کو 15 تا 25 کروڑ دے رہے ہیں ۔ عوام کا پیسہ لوٹ کر خاندان کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ۔ کے سی آر نے ہر طبقہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔ ایس ٹی طبقہ کو 10 فیصد اور مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کا جھوٹا وعدہ کیا ۔ تحفظات کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا ۔ کے سی آر نے مسلمانوں کو 15 اسمبلی ٹکٹ کا اعلان کرکے صرف دو ٹکٹوں کی حد تک محدود کردیا جس میں ایک بہادر پورہ جہاں پر ٹی آر ایس کی ہار یقینی ہے ۔ کے سی آر چاہتے تو وہ 15 ٹکٹ مسلمانوں کو دے سکتے تھے جو ان کے ہاتھ میں ہے جبکہ تحفظات کا مسئلہ ان کے ہاتھ میں نہیں ہے اس کے باوجود اعلان کیا ۔ انتخابات میں عظیم اتحاد سے ٹی آر ایس کا خاتمہ ہوگا ۔ راملو نائیک نے کہا کہ 2014 ء انتخابات سے قبل کے سی آر کی جائیداد اور 2018 ء میں ان کی جائیداد پر سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کروانا ضروری ہے ۔ عظیم اتحاد کو اقتدار حاصل ہونے کا ادعا کرتے ہوئے کے سی آر کو کے سی آر جیل جانے کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر لکشمن نائیک ، کنال راتھوڑ اور رامو نائیک وغیرہ موجود تھے ۔