ٹی آر ایس کو جی ایچ ایم سی انتخابات میں ناکامی کا خوف: اتم کمار ریڈی

حیدرآباد /5 جنوری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے شکست کے خوف سے میونسپل قوانین میں ترمیم کا حکومت ٹی آر ایس پر الزام عائد کیا۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بے قاعدگیوں کی جمع پونجی سے شہر کے ہر نکڑ پر بڑے بڑے تشہیری بورڈس لگاکر گریٹر حیدرآباد کے عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکمراں ٹی آر ایس جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیابی کے لئے بے قاعدگیوں کی مرتکب ہوکر قوانین کو تبدیل کر رہی ہے۔ ہائیکورٹ نے گزشتہ سال 31 دسمبر تک گریٹر حیدرآباد کے انتخابات کرانے حکومت کو ہدایت دی تھی، تاہم انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بغیر میونسپل قوانین تبدیل کردیئے گئے اور اب انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے ٹی آر ایس حکومت ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے پہلے جی ایچ ایم سی کو تین حصوں میں تقسیم کرنے اور ڈیویژنس کو 150 سے بڑھاکر 200 کرنے کی کوشش کی اور بعد ازاں اس سے دست برداری اختیار کرلی۔ انھوں نے کہا کہ حلقوں کی نئی حد بندی ٹی آر ایس کو فائدہ پہنچانے کے لئے کی گئی، اسی طرح سات لاکھ سیٹلرس کو فہرست رائے دہندگان سے خارج کردیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے مرکزی الیکشن کمیشن سے شکایت کرنے پر کمشنر بلدیہ حیدرآباد کا تبادلہ کردیا گیا، جب کہ حلقہ جات کے تحفظات کے مسئلہ کو طول دے کر اسے ٹی آر ایس موافق بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے آج بھوپل پلی میں دوسرے مرحلہ کے برقی پلانٹ کا افتتاح کیا ہے، جس سے ریاست میں 600 میگاواٹ برقی پیدا ہوگی، جب کہ یہ کارنامہ کانگریس کا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں 500 میگاواٹ برقی پیدا ہو رہی ہے، جب کہ دوسرے مرحلہ کی تمام منظوریاں کانگریس دور حکومت میں حاصل ہوئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران کے سی آر نے تین ماہ میں چھتیس گڑھ تک برقی لائن کی تنصیب کا وعدہ کیا تھا، مگر آج تک اسے عملی جامہ نہیں پہنایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ شہر میں پینے کے پانی کے علاوہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کانگریس نے اہم رول ادا کیا ہے، لیکن تعجب کی بات یہ ہے کہ ٹی آر ایس جھوٹا پروپیگنڈا کرکے انھیں اپنا کارنامہ بتانا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں میں سے ٹی آر ایس حکومت نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔