ٹی آر ایس کسانوں کو ماضی کے کرب ناک حالات میں ڈھکیل رہی ہے

کسان خود کشی پر مجبور ، انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل ، صدر ٹی پی سی سی پونالہ لکشمیا
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( آئی این این ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پونالہ لکشمیا نے ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ریاست کے کسانوں کو سال 2004 سے قبل کے حالات میں ڈھکیل رہی ہے جب کہ مختلف وجوہات کے سبب کسان خود کشی کرنے کے لیے مجبور کردئیے گئے تھے ۔ یہاں گاندھی بھون میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹی پی سی سی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ انتخاب کے دوران کیے گئے وعدوں سے انحراف کررہے ہیں ۔ تمام وعدوں کی تکمیل کے لیے 5 لاکھ کروڑ کی ضرورت قرار دیتے ہوئے پونالہ لکشمیا نے چیف منسٹر سے استفسار کیا کہ کس طرح وہ ان کی تکمیل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل کے بجائے کے سی آر مسائل کو مختلف موڑ دے رہے ہیں ۔ کسانوں کو زرعی قرض کی معافی کا وعدہ کیا گیا تاہم وہ اس سے پھر گئے کسانوں کو گولڈ لون کی معافی کے وعدے سے انحراف کیا گیا جب کہ بینکوں کی جانب سے تازہ قرضہ جات نہیں دئیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ریاست کو دوبارہ تلگو دیشم دور حکومت کی جانب ڈھکیل دیا ہے اور کسانوں کو کانگریس کو ووٹ نہ دینے پر افسوس ہے ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر نے مسائی پیٹ ریلوے حادثہ کے اسکول کے زخمی بچوں کو دیکھنے کے لیے چند منٹ بھی نہیں نکالے ۔ صدر ٹی پی سی سی نے ٹی آر ایس کی جانب سے حلقہ میدک کی کانگریس امیدوار سنیتا لکشما ریڈی کے خلاف غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف انڈیا سے شکایت درج کروائے گی ۔۔