ٹی آر ایس کا ٹریننگ کیمپ شعور بیداری کا مظہر

دولت کمانے کی تربیت دینے کا الزام مسترد ، ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز)وزیر آبپاشی ہریش راو نے ٹی آر ایس کے ٹریننگ کیمپ پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تنقیدوں کو نامناسب قرار دیا۔ انہو ںنے کہا کہ پارٹی میں بہتر حکمرانی کیلئے عوامی نمائندوں حتی کہ وزراء کیلئے سہ روزہ ٹریننگ کیمپ کا اہتمام کیا تھا ۔ سرکاری اسکیمات عوام تک پہنچانے اور اسکیمات کے فوائد سے زیادہ سے زیادہ افراد کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے شعور بیداری کیمپ رکھا گیا تھا ۔ انہو ںنے اپوزیشن جماعتوں کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ ٹریننگ کیمپ میں عوامی نمائندوں کو دولت کمانے کی تربیت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا کو فیس ادا کرتے ہوئے حکومت نے اس ٹریننگ کا اہتمام کیا تھا جس میں مختلف شعبوں کے ماہرین نے عوامی نمائندوں کو مذکورہ شعبہ جات کے اصولوں و ضوابط سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کیمپ کے انعقاد پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید اس لئے بھی مناسب نہیں کیونکہ حکومت کا مقصد عوام کی بہتر انداز میں خدمت کرنا ہے ۔ ٹریننگ کیمپ کے ذریعہ عوامی نمائندوں کو عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار کرنے کی کوشش کی گئی ۔ ہریش راو نے کہا کہ اپوزیشن قائدین خود سرکاری اسکیمات پر عمل آوری میں حصہ لے رہے ہیں لیکن حکومت پر تنقیدوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ اگر حکومت کی اسکیمات عوام کے فائدے کیلئے نہ ہوتی تو اپوزیشن قائدین اپنے حلقوں میں اسکیمات پر عمل آوری میں دلچسپی نہ لیتے ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کریں تا کہ فلاحی اسکیمات سے عوام کو زیادہ سے زیادہ استفادہ کا موقع ملے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ۔ عوام اپوزیشن کو مسترد کرچکے ہیں اور اُن کی تنقیدوں کا عوام پر کوئی اثر نہیں ہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ اپوزیشن قائدین عوام سے دور ہوچکے ہیں اور دوبارہ شہرت حاصل کرنے کیلئے حکومت پر تنقیدوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ ہریش راو نے کہا کہ ٹریننگ کیمپ سے عوامی نمائندوں کو کافی فائدہ ہوگا اور حکومت کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے عوامی نمائندوں کو عوامی خدمت کا جو درس دیا ہے اس پر عمل آوری کے ذریعہ نہ صرف کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے بلکہ عوام میں پارٹی کا موقف مستحکم ہوگا ۔