ٹی آر ایس کا عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کا آغاز: کے پربھاکر

حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے ریاستی بجٹ کو عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی پر مشتمل بجٹ قرار دیا۔ پارٹی کے ترجمان اور رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے غریب اور کمزور طبقات کی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے بجٹ تیار کیا ہے۔ بجٹ میں ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں کی بھلائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ اس کے علاوہ خواتین اور معذورین کے مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ پربھاکر نے کہا کہ ٹی آر ایس نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ حکومت کے ابتدائی 9 ماہ میں کئی چیلنجس اور دشواریوں کے باوجود چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت نے کئی نئی اسکیمات کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال مکمل بجٹ پیش کیا گیا ہے جس میں فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کیلئے زائد بجٹ مختص کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں تلنگانہ ریاست کو کئی دہوں تک نظر اندازہ کیا گیا لہذا سنہرے تلنگانہ کی تشکیل میں ٹی آر ایس کو وقت لگ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی اور مختلف شعبوں کی ترقی کے نشانے مقرر کئے گئے ہیں اور اسی کے مطابق بجٹ تیار کیا گیا۔ انہوں نے صنعتی ترقی کے علاوہ آبپاشی ، زراعت اور برقی جیسے شعبہ جات کو زائد بجٹ مختص کرنے کا حوالہ دیا۔ پربھاکر نے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ آئندہ چار برسوں میں تلنگانہ ریاست کے ہر گھر کو پینے کے پانی کا کنکشن فراہم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برقی کے شعبہ میں 2016 ء تک تلنگانہ ریاست خود مکتفی ہوجائے گی۔ پربھاکر نے تلنگانہ کی پسماندگی کے لئے سابق کانگریس اور تلگو دیشم حکومتوں کو ذمہ دار قرار دیا ۔ انہوں نے بجٹ پر اپوزیشن کی تنقیدوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور فلاح و بہبود کے اقدامات کے باوجود اپوزیشن کا بجٹ پر تنقید کرنا مضحکہ خیز ہے۔ پربھاکر نے کہا کہ دیہی علاقوں میں پانی کی سربراہی کے علاوہ فلورائیڈ سے متاثرہ نلگنڈہ کے علاقوں کو صاف پینے کے پانی کی سربراہی کی اسکیم تیار کی گئی ہے ۔