وزیر داخلہ نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا
حیدرآباد 26 اپریل (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے پریڈ گراونڈ پر کل ہونے والے جلسہ کے موقع پر سٹی پولیس نے وسیع انتظامات کئے ہیں ۔ کئی مقامات پر ٹریفک تحدیدات عائد کی ہے ۔ کمشنر پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے جلسہ کے موقع پر سکیوریٹی و ٹریفک کا جائزہ لیا ۔ چار ہزار پولیس عملہ پر مشتمل بندوبست کیا جائے گا۔ سٹی پولیس نے جلسہ عام کی سکیوریٹی کو یقینی بنانے اضلاع کی پولیس فورس اور دیگر پولیس دستوں کو جلسہ گاہ پر متعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے آج پریڈ گراونڈ پہنچ کر تیاریوں کا جائزہ لیا اور پولیس کو ہدایتیں جاری کیں۔ ٹی آر ایس کی جانب سے حکومت تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ پارٹی کا جلسہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ ٹریفک پولیس نے ٹریفک تحدیدات عائد کرکے کئی مقامات پر ٹریفک کا رخ موڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اضلاع سے آنے والی ٹریفک کی پارکنگ کی جگہ بھی متعین کی ہے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ ٹی آر ایس کے ضلعی قائدین بھاری تعداد میں اپنے حامیوں کو جلسہ گاہ میں لاسکتے ہیں ایسے میں پولیس کی جانب سے بھی وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔