ٹی آر ایس کا جلسہ پرگتی نویدنا فلاپ شو

25 لاکھ عوام کا دعویٰ ، صرف ڈھائی لاکھ کی شرکت ، ڈی کے ارونا کانگریس ایم ایل اے کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کی رکن اسمبلی ڈی کے ارونا نے ٹی آر ایس کے جلسہ پرگتی نویدنا کو فلاپ شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ جلسہ عام میں 25 لاکھ عوام شرکت کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم ڈھائی لاکھ عوام بھی شریک نہیں ہوئے ۔ آج اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری و غیر سرکاری ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنے شراب اور بریانی کے علاوہ ایک دن کی مزدوری دینے کا پیشکش کرنے کے باوجود عوام جلسہ عام سے دوری اختیار کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس کو مایوس کیا ہے ۔ ٹی آر ایس کے جلسہ عام سے اس کے زوال کا آغاز ہوا ہے ۔ جلسہ عام کیوں منعقد کیا گیا خود ٹی آر ایس کے حلقوں میں اس کے خلاف قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی تقریر بھی مایوس کن رہی ہے ۔ عوام میں بھی جوش و خروش دیکھنے کو نہیں ملا ۔ چیف منسٹر ایک بات کو ہی بار بار دہراتے رہے ۔ عوام کی عدم شرکت سے کے سی آر کی تقریر میں بھی مایوسی چھلک رہی تھی ۔ ان کے ساتھ عوام نہ ہونے کا کے سی آر کو اندازہ ہوگیا ہے ۔ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدے مکمل ہونے کا بھی کے سی آر نے دعویٰ نہیں کیا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کے ساڑھے چار سال بعد بھی چیف منسٹر دوبارہ جذبہ تلنگانہ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ان کی غیر موجودگی میں تلنگانہ کی ترقی نہ ہونے کا کے سی آر نے جو وعدہ کیا ہے وہ مضحکہ خیز ہے اگر کے سی آر چیف منسٹر نہ ہوتے تو ترقی مزید کئی گنا زیادہ ہوتی تھی ۔ ڈی کے ارونا نے کہا کہ سماج کا کوئی بھی طبقہ چیف منسٹر اور ٹی آر ایس حکمرانی سے مطمئن نہیں ہے ۔ وقت آگیا ہے سرکاری ملازمین نا انصافیوں کے خلاف آواز اٹھائے ۔ اگر چیف منسٹر قبل از وقت انتخابات کراتے ہیں تو وہ وقت سے پہلے عہدے چیف منسٹر سے محروم ہوجائیں گے ۔ جب بھی انتخابات ہوں گے کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔۔