وزراء کے ساتھ جلسہ گاہ کی تیاریوں کا جائزہ، 2000 ایکر پر انتظامات
حیدرآباد۔/26 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس کے عوامی نمائندوں نے آج شہر کے مضافاتی علاقہ کونگرا کلاں کا دورہ کرتے ہوئے 2 ستمبر کو منعقد شدنی جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی قیادت میں وزراء کی ٹیم نے جلسہ گاہ کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے ہدایات جاری کی۔ جلسہ عام کے انتظامات میں دن رات قائدین مصروف ہیں اور سینکڑوں لیبرس کو کام پر لگایا گیا ہے۔ 2000 ایکر اراضی کو جلسہ کیلئے حاصل کیا گیا جس میں پارکنگ اور دیگر انتظامات علحدہ طور پر ہوں گے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ، ایم مہیندر ریڈی اور این نرسمہا ریڈی نے دعویٰ کیا کہ 2 ستمبر کا جلسہ عام ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ عام ہوگا۔ ملک میں آج تک اس قدر بھاری تعداد میں عوامی شرکت کسی جلسہ عام میں نہیں ہوئی ہوگی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گزشتہ 17برسوں کے سفر میں ٹی آر ایس نے کئی جلسے منعقد کئے۔ ورنگل میں لاکھوں کی تعداد میں شرکت کے ساتھ 2 جلسوں کا انعقاد عمل میں آیا لیکن پرگتی نویدنا کے عنوان سے 2 ستمبر کا جلسہ تاریخی نوعیت کا حامل ہوگا جس میں 25 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انہوں نے خود بھی اس قدر بڑے جلسہ کی توقع نہیں کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 2ہزار ایکر میں 500 ایکر پر جلسہ گاہ محیط ہوگا جبکہ باقی اراضی پر پارکنگ اور دیگر انتظامات رہیں گے۔ چیف منسٹر نے منتظمین کو ہدایت دی ہے کہ عوام کو کسی طرح کی تکلیف نہ ہو۔ لہذا جلسہ گاہ سے متصل پارکنگ کے انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام کو گاڑیوں تک پہنچنے میں دشواری نہ رہے ۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ تقریباً 400 بیت الخلاء تعمیر کئے جارہے ہیں اور انتظامات کے سلسلہ میں پارٹی کی جانب سے 8 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ جلسہ عام میں حکومت کی 4 سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ جلسہ گاہ کے انتظامات کے سلسلہ میں تمام تر اخراجات پارٹی کی جانب سے برداشت کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 31 اضلاع سے پہنچنے والے عوام کی آسانی کیلئے آؤٹر رنگ روڈ پر پولیس کے خصوصی انتظامات رہیں گے اور ٹریفک جام سے بچنے کیلئے تمام تر احتیاطی قدم اٹھائے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 2 ستمبر کا جلسہ عام عوام کی ٹی آر ایس سے اٹوٹ وابستگی کا ثبوت رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد سے تقریباً ڈھائی تا تین لاکھ افراد جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔