حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاستی سی پی آئی ایم کمیٹی نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے زیر اہتمام دو دن قبل کونگرا کلاں میں ریاستی حکومت کی چار سالہ کارکردگی سے واقف کروانے کے مقصد سے پیشکشی ترقی رپورٹ کے منعقدہ جلسہ عام کو ’ فلاپ شو ‘ سے تعبیر کرتے ہوئے اس جلسہ عام کو صرف اور صرف آئندہ انتخابات کے لیے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ اس جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تقریبا ایک گھنٹہ تک صرف تلنگانہ جدوجہد کے قصے سناتے ہوئے وقت گزاری کی ۔ مسٹر ٹی ویرا بھدرم سکریٹری سی پی آئی ایم تلنگانہ ریاستی کمیٹی نے مذکورہ اظہار کیا اور بتایا کہ حکومت کی جانب سے کئے گئے ترقیاتی اقدامات کا اظہار ہی نہیں کرسکے جس کی وجہ سے وہ کافی شرمندہ ہورہے تھے ۔ جس طرح تلنگانہ جدوجہد میں مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنا اظہار خیال کرنے کا سخت موقف رکھتے تھے وہ موقف اب ان کا نہیں رہا کیوں کہ گذشتہ چار سال کے دوران انتخابی منشور میں عوام سے کئے ہوئے وعدوں اور دئیے گئے تیقنات کو پورا کرنے میں ناکام ہی ثابت ہوئے ۔ اس طرح وہ اپنی گرجدار آواز میں مرکزی بی جے پی حکومت کے خلاف بھی کچھ کہنے کے موقف میں نہیں تھے اور اب مرکزی حکومت کو ڈرانے کی مسٹر چندر شیکھر راؤ میں ہمت ہی نہیں ہے ۔ بلکہ مرکزی حکومت کے طاقتور موقف کو دیکھتے ہوئے ریاست میں برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت ہی خوفزدہ و پریشان کن صورتحال سے دوچار دکھائی دے رہی ہے ۔۔