ایم پی کے ہاتھوں ایم ایل ایز کو رقم کی تقسیم ، ریونت ریڈی کانگریس رکن اسمبلی کا الزام
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر پر اسمبلی انتخابات میں مجلس اور لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی سے اتحاد کرتے ہوئے مقابلہ کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے کا دعویٰ کیا ۔ ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ سنتوش کمار پر ڈبوں میں پیسے رکھ کر ارکان اسمبلی میں فی کس ایک کروڑ روپئے تقسیم کرنے کا الزام عائد کیا ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ جلسہ عام کا نام تبدیل کر کے ’ افسوس ‘ رکھ لیں کیوں کہ ٹی آر ایس کے دور حکومت سے سوائے کے سی آر خاندان کے کوئی بھی خوش نہیں ہے ۔ مقررہ وقت پر عام انتخابات کرائے جائے تو شکست کے خوف سے چیف منسٹر کے سی آر اسمبلی انتخابات میں مجلس سے اتحاد کرنے اور لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی سے اتحاد کرتے ہوئے مقابلہ کرنے کی حکمت عملی پر کام کررہے ہیں ۔ مگر ریاست کے عوام باشعور ہیں ۔ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہو ٹی آر ایس کو شکست دینے کا پہلے سے فیصلہ کرچکے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر سے چند سوالات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے نہ سہی کم از کم عوام کے لیے جوابات دیں ۔ قبل از وقت انتخابات کرانے سے کس کو فائدہ ہوگا ۔ اگر عوام ہی آپ کے باس ہے تو وہ 5 سال میں ایک مرتبہ ووٹ دینے کے حق میں ہے ۔ لیکن کے سی آر 4 سال 4 ماہ میں کیوں انتخابات کرارہے ہیں ۔ 133 سالہ کانگریس پارٹی کئی انتخابات دیکھ چکی ہے ۔ قبل از وقت انتخابات سے کانگریس کیوں گھبرائے گی ۔ یہ ٹی آر ایس کی غلط فہمی ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں اور عوام سے گھبرا کر ٹی آر ایس قبل از وقت انتخابات کرانے کی تیاری کررہی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 4 جنوری 2019 تک ووٹر لسٹ تیار کرنے کی الیکشن کمیشن نے ہدایت دی ہے ۔ اگر قبل از وقت انتخابات کرائے گئے تو قدیم ووٹر لسٹ کے ذریعہ انتخابات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ کانگریس کے رکن اسمبلی نے کہا کہ تقسیم ریاست بل میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کے لیے وزیراعظم پر دباؤ بنانے کے بجائے کے سی آر قبل از وقت انتخابات کرانے کے لیے دباؤ بنائے ہوئے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جس طرح 2004 میں قبل از وقت انتخابات کرانے پر چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو شکست ہوئی تھی ۔ اسی طرح کے سی آر کو بھی شکست ہوگی ۔ کانگریس کے قائد نے کہا کہ 25 لاکھ عوام کے ساتھ جلسہ عام کرانے پر 500 کروڑ روپئے کے مصارف ہوں گے ۔ اتنی بھاری رقم کے سی آر کہاں سے لا رہے ہیں ۔ اس کی وضاحت کریں ۔ تلنگانہ بھون میں منعقدہ ٹی آر ایس مقننہ اور پارلیمانی اجلاس میں ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار نے تمام ارکان اسمبلی میں فی کس ایک کروڑ روپئے ڈبوں میں بند کر کے تقسیم کیا ہے ۔۔