ٹی آر ایس کا آج فیصلہ کن اجلاس

حیدرآباد /2 مارچ (پی ٹی آئی) سیاسی حلقوں میں یہ تجسس برقرار ہے کہ ٹی آر ایس کا انضمام کانگریس میں ہوگا یا پھر انتخابی مفاہمت ہوگی؟۔ اس مسئلہ پر دوبارہ غور و خوض کے لئے پارٹی کا اہم اجلاس کل دوبارہ منعقد ہوگا۔ ٹی آر ایس پولیٹ بیورو اور ریاستی عاملہ کا مشترکہ اجلاس پارٹی آفس میں طلب کیا گیا ہے۔ یہ اجلاس ایسے وقت منعقد ہو رہا ہے، جب کہ کانگریس اور ٹی آر ایس کے تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں، کیونکہ کانگریس میں ٹی آر ایس لیڈروں کی شمولیت کی حوصلہ افزائی پر شدید برہمی ہے۔سیاست نیوز کے بموجب رکن پارلیمنٹ میدک وجئے شانتی کے علاوہ ایک رکن اسمبلی کی ٹی آر ایس کو چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت کے بعد دونوں جماعتوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے اور انضمام کے مسئلہ پر تعطل پیدا ہوگیا ہے ۔ ٹی آر ایس کی ذمہ دار تنظیموں کا یکم مارچ کو اجلاس ہونے والا تھا جو ملتوی کردیا گیا تھا تاہم اب یہ اجلاس کل پیر کو منعقد ہونے والا ہے ۔