ٹی آر ایس کا آج جلسہ عام ورنگل گلابی رنگ میں تبدیل

حیدرآباد ۔ /26اپریل، ( سیاست نیوز) ورنگل کے علاقہ پرکاش ریڈی پیٹ ہنمکنڈہ میں /27 اپریل کو منعقد ہونے والے ٹی آر ایس کے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔  ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری، ہریش راؤ اور دیگر وزراء نے جلسہ گاہ کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا، شہر ورنگل گلابی رنگ میں تبدیل ہوچکا ہے ، شہر کے تمام راستوں پر ٹی آر ایس پارٹی کے گلابی جھنڈے اور کٹ آؤٹس نصب کئے گئے ہیں اور تمام راستوں پر خوش آمدید کی کمانیں لگائی گئی ہیں۔ جلسہ عام میں شرکت کیلئے عوام میں جوش و خروش ہے، پارٹی قائدین اور کارکنوں میں جشن کا ماحول ہے۔ جلسہ گاہ میں 2 اسٹیج لگائے گئے ہیں ایک بڑے اسٹیج سے چیف منسٹر کا خصوصی خطاب ہوگا اور اس کے بائیں جانب ایک اور اسٹیج نصب کیا گیا ہے جہاں پر دوپہر سے ہی ثقافتی پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ دھوپ کی تمازت سے بچنے کیلئے پانی کے فواروں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ ورنگل ضلع کے تمام ارکان اسمبلی جلسہ گاہ میں ریالیوں کی شکل میں داخل ہوں گے۔ ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کی راست نگرانی میں انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے ۔
ان کے ہمراہ میئر نریندر، ڈپٹی میئر خواجہ سراج الدین اور دیگر پارٹی قائدین موجود تھے۔