ٹی آر ایس کا آئندہ ماہ شہر میں توسیعی اجلاس

حیدرآباد۔16مارچ ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا توسیعی اجلاس 24اپریل کو ایل بی اسٹیڈیم فتح میدان میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ آج یہاں منعقدہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی مقننہ پارٹی کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ۔ ٹی آر ایس مقننہ پارٹی کے منعقدہ اجلاس کا اختتام عمل میں آنے کے بعد اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے واقف کروایا اور بتایا کہ ماہ اپریل کے اختتام تک ٹی آر ایس کی دیہی کمیٹیوں و منڈل کمیٹیوں کی تشکیل مکمل کرلی جائے گی ۔ انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی انتخابات کے شیڈول کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 6اپریل تا 12اپریل منڈل سطح کی ٹی آر ایس کمیٹیوں کے انتخاب منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع سطح کی ٹی آر ایس کمیٹی بالخصوص صدر ضلع کمیٹی کا انتخاب دو مرحلوں میں منعقد کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ پہلے مرحلہ می 5اضلاع ‘ دوسرے مرحلہ میں مابقی 5 اضلاع میں ٹی آر ایس پارٹی انتخآبات منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ 24 اپریل کو منعقد ہونے والے توسیعی اجلاس کے موقع پر ہی صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی عہدہ کیلئے انتخاب منعقد ہوگا اور بعد ازاں 27اپریل کو پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا ۔